قومی رینکنگ بیڈمنٹن چیمپئن شپ سے ٹیلنٹ سامنے آنے کی توقع ہے، مطاہر سہیل

پیر اپریل 15:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 اپریل2018ء) راولپنڈی ڈسٹرکٹ بیڈمنٹن کوچ مطاہر سہیل نے کہا ہے کہ قومی رینکنگ بیڈمنٹن چیمپئن شپ سے نیا ٹیلنٹ سامنے آنے کی توقع ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز پاکستان سپورٹس کمپلیکس کے روڈھم ہال میں قومی رینکنگ بیڈمنٹن چیمپیئن شپ کی اختتامی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

مطاہر سہیل جو ٹورنامنٹ آفیشلز بھی ہیں، نے ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد پر پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن اور اسلام آباد بیڈمنٹن ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں ملک بھر سے اتنی بڑی تعداد میں (ڈیڑھ سو) مرد اور خواتین کی شرکت قابل تعریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں کھلاڑیوں کی اتنی کثیر تعداد میں شرکت سے پتہ چل گیاہے کہ ملک میں بیڈمنٹن کے کھیل کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں بلکہ کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل سہولیات فراہم کرنے اور زیادہ سے زیادہ ٹورنامنٹ میں شرکت سے کھلاڑی انٹرنیشنل سطح پر ملک کا نام روشن کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

مطاہر سہیل نے کہا کہ کسی کھیل کی حکومت اور سپانسر کے بغیر ترقی ناممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کرکٹ اور ہاکی کی طرح بیڈمنٹن کے کھیل پر توجہ دے تاکہ ملک میں اس کھیل کو بھی فروغ حاصل ہو۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی ادارے ملک میں کھیلوں کی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں لیکن اگر حکومت تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے مقابلوں کو یقینی بنائے۔

متعلقہ عنوان :