وزیر اعظم آزادکشمیر نے بھارتی فائرنگ سے شہیدہونے والے وٹالہ کے وزیرعلی، پیرجمال کے محمد رفیق جٹ کے ورثاء میں امدادی چیک تقسیم کیے

پیر 30 اپریل 2018 16:00

بھمبر/کوٹ جیمل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2018ء) وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیرراجہ محمدفاروق حیدرخان نے چھمب سیکٹرمیں بھارتی فائرنگ سے شہیدہونے والے وٹالہ کے وزیرعلی اور پیرجمال کے محمد رفیق جٹ کے ورثاء میں تین ، تین لاکھ روپے کے امدادی چیک تقسیم کیے۔ اس موقع پربات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ بھارت مقبوضہ کشمیر اور ایل او سی پرجارحیت کی انتہاکوپہنچ چکاہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

(جاری ہے)

ایل او سی پرآباد شہری بھارتی جارحیت کاجس جذبے کے ساتھ ڈٹ کرمقابلہ کر رہے ہیں اور جانی ومالی قربانیاں دے رہے ہیں اس کاکوئی نعم البدل نہیںاور نہ ہی اس کاکوئی صلہ دے سکتاہے۔شہداء اور ان کے ورثاء عظیم لوگ ہیں جوبھارتی جارحیت کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہیں۔ ایل او سی پرآباد شہریوں کے جذبہ حب الوطنی کی کوئی مثال نہیں دی جاسکتی۔ ایل او سی پرآباد شہریوں کوصحت، تعلیم ، بجلی پانی اور دیگرتمام سہولیات ومراعات فراہم کررہے ہیں اور متاثرین فائرنگ کے لیے ایل او سی پرکمیونٹی بینکرزبنائیں گے ۔