جی پی اوچوک لاہور سے موج دریا تک سڑکوں کی تعمیر پرسوں تک مکمل کرلی جائے ، چیئرمین سپیشل کمیٹی آف ایکسپرٹس جسٹس (ر)سید زاہد حسین

پیر 30 اپریل 2018 16:20

لاہور۔30 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2018ء) چیئرمین سپیشل کمیٹی آف ایکسپرٹس جسٹس (ر)سید زاہد حسین نے ہدایت کی ہے کہ جی پی اوچوک لاہور سے موج دریا تک سڑکوں کی تعمیر پرسوں تک مکمل کرلی جائے۔

(جاری ہے)

سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم پر لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین پراجیکٹ کیلئے بنائی گئی سپیشل کمیٹی آف ایکسپرٹس کا اجلاس گزشتہ روز کمیٹی کے چیئرمین جسٹس (ر) سید زاہد حسین کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں ڈائریکٹر جنرل آرکیالوجی حکومت پنجاب اعجاز احمد‘ چیف انجینئر ایل ڈی اے مظہر حسین آصف‘ پراجیکٹ ڈائریکٹر حماد الحسن ‘ ڈپٹی ڈائریکٹر محمد اسد اور دیگر متعلقہ ا فسران نے شرکت کی ،ایل ڈی اے افسران نے چیئر مین کو جی پی او چوک ‘ سپریم کورٹ رجسٹری‘ سینٹ اینڈریوز چرچ ‘ شاہ چراغ بلڈنگ ‘ موج دریا کے مزار اوراس کے احاطے میں واقع مسجد کے علاقے میں اورنج لائن میٹرو ٹرین پراجیکٹ پر جاری تعمیراتی کام کے بارے میں بریفنگ دی۔

چیئر مین نے ایل ڈی اے افسران کی توجہ سڑکوں کی تعمیر مکمل نہ ہونے کے باعث شہریوں کو درپیش مشکلات کی جانب مبذول کروائی۔ایل ڈی اے افسران نے تعمیراتی کام تیز کرنے اور اسے کل دو مئی تک مکمل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔