حکومت ملک کی تعمیر اور سماجی و اقتصادی ترقی میں مزدوروں کی قابل قدر شراکت کو تسلیم کرتی ہے ،

مزدور ہماری معیشت کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں وفاقی وزیر پیر سیّد صدرالدین شاہ راشدی کا یوم مئی کے حوالے سے پیغام

پیر 30 اپریل 2018 17:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2018ء) وفاقی وزیربرائے سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل پیر سیّد صدرالدین شاہ راشدی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت ملک کی تعمیر اور سماجی و اقتصادی ترقی میں مزدوروں کی قابل قدر شراکت کو تسلیم کرتی ہے اور انہیں خراج تحسین پیش کرتی ہے، مزدور ہماری معیشت کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور ملک ِپاکستان کی اقتصادی ترقی کی شرح، امن اور ہم آہنگی کو بڑھانے کیلئے ان کا تعاون اور لگن ضروری ہے۔

مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر انہوں نے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ وزارت سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل مزدوروں کی بہتری اور فلاح کیلئے جانفشانی سے دن رات کوشاں ہے، یہ ہماری اولین ترجیح ہے کہ ملکی سطح پر مزدوروں کے تمام قوانین کو بین الاقوامی معیار کے مطابق قلمبند کیا جائے اور ان قوانین کی عملدرآمد میں تسلسل لایا جائے۔

(جاری ہے)

وزارت تمام صوبائی حکومتوں اور دیگر سماجی شراکت داروں کے تعاون سے مزدوروں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کو پورے ملک میں یقینی بنانے کی کوششوں کی طرف گامزن ہے۔ پاکستان نے انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن (آئی ایل او) کی36 کنونشز بشمول 8 بنیادی کنونشنز کی منظوری دی ہے جن پر سختی سے عملدرآمد جاری ہے۔ مزدور اور آجر ہماری ملکی معیشت کا مرکزی حصہ ہیں اور ہنرمند مزدور ملک کی سماجی، اقتصادی ترقی میں اہم کردار اداکر رہے ہیں۔

وزارت ایک مرتبہ پھر اپنے عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ وہ مزدروں کے بنیادی حقوق کی پاسداری میں ہر ممکن کوشش کرے گی۔ مزدوروں کے اس عالمی دن کی مناسبت سے میں پاکستان کے تمام مزدوروں کو تہہ دل سے ان کی محنت اور جفاکشی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں اور ان کے بہتر اور خوشحال مستقبل کیلئے دعاگو ہوں۔

متعلقہ عنوان :