پولیس کا رویہ اور عوام کا تعاون جرائم کے خاتمہ میں اہم ثابت ہو سکتاہے، گورنر سندھ

پیر 30 اپریل 2018 17:34

پولیس کا رویہ اور عوام کا تعاون جرائم کے خاتمہ میں اہم ثابت ہو سکتاہے، ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2018ء) گورنرسندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے، صوبہ با الخصوص کراچی شہر میں امن و امان برقرار رکھنے اور ہر قسم کے جرائم کے خاتمے میں پولیس کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے اس ضمن میں پولیس کا رویہ اور عوام کا پولیس سے تعاون جرائم کی بیخ کنی میں اہم ثابت ہو سکتا ہے۔

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں انسپکٹر جنرل آف سندھ پولیس اللہ ڈنو خواجہ سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں امن و امان کی صورتحال، جرائم کے خاتمہ کے لئے جاری ایکشن، اسٹریٹ کرائم کے خاتمے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات، حساس مقامات پر نگہبان کیمروں کی تنصیب، صوبہ کے داخلی و خارجی راستوں پر موثر انتظام، جرائم کے خاتمے میں پولیس کی استعداد اور بہتر نتائج کے حصول میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

گورنرسندھ نے مزید کہا کہ 2013ء کے مقابلے میں آج سازگار ماحول کے باعث صوبہ باالخصوص کراچی میں سیاسی، معاشی اقتصادی، کاروباری، تجارتی، سماجی، ثقافتی، ادبی اور دیگر سرگرمیوں میں تسلسل سے اضافہ دیکھا جارہا ہے، ملک کی معاشی شہ رگ کراچی ایک بار روشنیوں کا شہر بن گیا ہے، ہر طرف سیاسی، سماجی، معاشی اور دیگر مثبت سرگرمیوں میں لوگ بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں، شہر کے باسی احساس تحفظ کے باعث رات گئے جاری رہنے والی سرگرمیوں میں بھی بھرپور طریقے سے حصہ لے رہے ہیں جو کہ موجودہ حکومت کی کامیابی کی واضح مثال ہے۔

انہوں نے کہا کہ رینجرز اور پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بے پناہ قربانیاں پیش کرکے شہر میں امن وامان قائم کیا اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کی، امن و امان کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے لئے شہر میں ٹارگیٹیڈ آپریشن جاری رہے گا، شہر کے مکین رینجرز، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہر کے حساس مقامات پر نگہبان کیمروں کی تنصیب باالخصوص کراچی میٹرو پولیٹن، سندھ پولیس اور دیگر اداروں کے تنصیب کردہ نگہبان کیمروں کے کنٹرول رومز میں باہمی تعاون جرائم کی روک تھام میں اہم ثابت ہو سکتا ہے۔ ملاقات میں آئی جی سندھ نے گورنر سندھ کو شہر میں امن و امان کو برقرار رکھنے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات، عام انتخابات میں ساز گار ماحول کی فراہمی اور پولیس کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنے سمیت دیگر متعلقہ امور سے تفصیلی آگاہ کیا۔