سیکرٹری صحت کا جنرل ہسپتال کا دورہ

انتظامی ڈاکٹرز اپنے فرائض مستعدی کے ساتھ ادا کریں ، نجم احمد شاہ

پیر 30 اپریل 2018 17:34

لاہور۔30 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2018ء) سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نجم احمد شاہ نے ہدایت کی ہے کہ مریضوں کو طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروکار لائے جائیں اور انتظامی ڈاکٹرز اپنے فرائض مستعدی کے ساتھ ادا کریں، انہوں نے یہ بات لاہور جنرل ہسپتال کے شعبہ ایمرجنسی ، پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز فیز i، یورالوجی وارڈ اور دیگر شعبوں کے دورہ کے موقع پر کہی، پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر ڈاکٹر غیاث النبی طیب اور ایم ایس ڈاکٹر محمود صلاح الدین بھی موجود تھے، نجم احمد شاہ نے کہا کہ صوبائی حکومت کی ہدایات کے مطابق سرکاری ہسپتالوں میں ہر مریض کو بلا امتیاز طبی سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جا رہی ہے، سیکرٹری ہیلتھ نے واٹر فلٹریشن پلانٹ کا معائنہ کیا اور ڈیوٹی پر موجود سٹاف کی حاضری چیک کی ،انہوں نے ہسپتال میں دی جانے والی طبی سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کیا، پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر غیاث النبی طیب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنرل ہسپتال کو ماڈل و مریض دوست ادارہ بنانے کیلئے کئی اقدامات کئے گئے ہیں جبکہ ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن انتہائی اہمیت کا حامل ہے جس کے باعث مریضوں کو میڈیکل ٹیسٹ کرانے میں خاطر خواہ مدد حاصل ہو ئی ہے، ایوننگ آؤٹ ڈور شفٹ کی سہولت سے سینکڑوں مریض روزانہ استفادہ کر رہے ہیں، انہوں نے جنرل ہسپتال کے دیگر شعبوں کے بارے میں بھی بریفنگ دی، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمود صلاح الدین نے ادویات کی فراہمی اور ہسپتال کی ورکنگ کے بارے میں آگاہ کیا ،نجم احمد شاہ نے ہسپتال میں صفائی ستھرائی کے معیار، ڈسپلن اور دیگر امور کو تسلی بخش قرار دیا، انہوں نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے گفتگو بھی کی اور ہسپتال میں دی جانے والی سہولتوں کے بارے میں استفسار کیا جس پر انہوںنے اطمینان کا اظہار کیا، انہیں ہسپتال انتظامیہ نے بتایا کہ منظور شدہ ایک ہزار کے مقابلے میں 1700بیڈز لگائے گئے ہیں اور ہسپتال میں اسٹیٹ آف دی آرٹ سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشش کی جاتی ہے ، سیکرٹری صحت نے انتظامیہ کو یقین دلایا کہ انہیں جتنے فنڈز درکار ہوں انہیں فراہم کئے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :