اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں پہلی جوڈو چمپئن شپ کا انعقاد

حکومت حوصلہ افزائی کرے تو پاکستان جوڈو میں عالمی شہرت حاصل کر سکتا ہے،صدر آئی سی سی آئی شیخ عامر وحید

پیر 30 اپریل 2018 18:04

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں پہلی جوڈو چمپئن شپ کا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2018ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے اسلام آباد جوڈو ایسوسی ایشن کے تعاون سے پہلی جوڈو چمپئن شپ 2018کا انعقاد کیا۔ چمپئن شپ کا انعقاد چیمبر کی نئی بلڈنگ میں کیا گیا جس میں غیر ملکی کھلاڑیوں سمیت تقریبا 200 لڑکے اور لڑکیوں نے شرکت کی ۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید مہمان خصوصی تھے جبکہ چیمبر کے سینئر نائب صدر محمد نوید ملک، نائب صدر نثار مرزا، اسلام آباد جوڈو ایسوسی ایشن کے صدرد ظریف احمد خان ، چیمبر کی سپورٹس کمیٹی کے چیئرمین ناصر محمود چوہدری، جاپان سفارتخانے کے کلچرل سیکشن کے ہیڈ اشیدا اور فرسٹ سیکرٹری ناچی یوشیمورا سمیت تاجر برادری کی کثیر تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔

(جاری ہے)

لڑکوں کے -37وزن کے مقابلے میں میکائل نے پہلی، محمد علی نے دوسری اور امان اللہ نے تیسری پوزشن حاصل کی جبکہ -42وزن کے مقابلے میں عمر خان نے پہلی، ایس وجیہہ نے دوسری اور ہنزلہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ -50وزن کے مقابلے میں حسنین نے پہلی، نوید نے دوسری اور عماد عابد نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ -55وزن کے مقابلے میں ناصر قریشی نے پہلی ، عمان سرفراز نے دوسری اور یاسر نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

-60وزن کے مقابلے میں عدنان نے پہلی، معراج گل نے دوسری اور فیضان نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ -66وزن کے مقابلے میں غیر ملکی کھلاڑی فرینک نے پہلی، اسماعیل نے دوسری اور عابد نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ -73وزن کے مقابلے میں ریاست نے پہلی، راشد نے دوسری اور دائود خان نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ -81وزن کے مقابلے میں حمزہ بھٹی نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ اوپن وزن کے مقابلے میں عدنان نے پہلی، عادل نے دوسری اور حمزہ بھٹی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

لڑکیوں میں -50وزن کے مقابلے میں عائشہ خان نے پہلی اور خدیجہ نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ اس کے علاوہ انفرادی کاتا کے مقابلے میں عبدالنور نے سونے اور محمد شائم نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔ اسلام آباد کے 4جوڈو کلبوں نے چمپئن شپ میں حصہ لیا۔چمپئن شپ کے اختتام پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے پوزیشن اور تمغہ حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کو مبارک باد پیش کی اور کہا کہ وہ سخت محنت کر کے جوڈو کے کھیل میں مزید کامیابیاں حاصل کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے حال ہی میں نیپال میں منعقد ہونے والی سائوتھ ایشین سینئر جوڈو چمپئن شپ میں دوسری پوزیشن حاصل کی ہے جس سے ثابت ہے کہ پاکستان میں جوڈو کے اعلیٰ صلاحیت کے کھلاڑی موجود ہیں۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ جوڈو کھلاڑیوں کی بہتر حوصلہ افزائی کرے اور ان کی ہر طرح سے سرپرستی کرے تا ہمارے جوڈو کھلاڑی عالمی سطح پر شہرت حاصل کر کے ملک و قوم کا نام روشن کر سکیں۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد نوید ملک، نائب صدر نثار مرزا، اسلام آباد جوڈوایسوسی ایشن کے صدر ظریف احمد خان اور چیمبر کی سپورٹس کمیٹی کے چیئرمین ناصر چوہدری نے بھی اپنے خطاب میں کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔