بالواسطہ ٹیکسوں سے عوام پر بوجھ میں اضافہ ہوتا ہے،

حکومت کو انہیں کم کرنا چاہئے، اپوزیشن جماعتوںکے ساتھ مل کر فیصلہ کریں گے کہ اس کے لئے اپنی سفارشات دینی ہیں یا نہیں، ابھی تک اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا، سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شیری رحمان کا اظہار خیال

پیر 30 اپریل 2018 18:04

بالواسطہ ٹیکسوں سے عوام پر بوجھ میں اضافہ ہوتا ہے،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2018ء) سینیٹ میں اپوزیشن سے تعلق رکھنے والے ارکان نے کہا ہے کہ بالواسطہ ٹیکسوں سے عوام پر بوجھ میں اضافہ ہوتا ہے، حکومت کو انہیں کم کرنا چاہئے۔ پیر کو ایوان بالا میں آئندہ مالی سال 2018-19ء کے بجٹ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے قائد حزب اختلاف سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ نئے انتخابات ہونے والے ہیں، اگر چار مہینے کا بجٹ دے دیا جاتا تو اس میں کیا حرج تھا۔

انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بجٹ کے اعلان کے بعد مزید اضافہ ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بالواسطہ ٹیکسوں سے عوام پر بوجھ پڑتا ہے، حکومت کو انہیں کم کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بجٹ خسارے کا بجٹ ہے، اپوزیشن جماعتوںکے ساتھ مل کر فیصلہ کریں گے کہ اس کے لئے اپنی سفارشات دینی ہیں یا نہیں، ابھی تک اس حوالے سے ہم نے کوئی فیصلہ نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ میں عوام کو ریلیف دیا جاتا ہے لیکن اس میں ہمیں ایسی کوئی چیز نظر نہیں آ رہی۔ پیپلز پارٹی کے سکندر میندھرو نے کہا کہ حکومت کے پاس صرف 34 دن تھے، اسے پورے مالی سال کا بجٹ پیش نہیں کرنا چاہیے تھا۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں غریبوں کو کوئی ریلیف نہیں دیا گیا بلکہ ان پر بوجھ مزید بڑھے گا اور مہنگائی میں اضافہ ہوگا۔