پاکستانی نژاد ساجد جاوید برطانیہ کے وزیرداخلہ تعینات ہونے والے پہلے مسلمان بن گئے

ساجد جاوید نے مشکل صورتحال کو قابو کرنے کی خواہش اور عزم کا اظہار کیا ،ْبرطانو ی وزیر اعظم ہائوس

پیر 30 اپریل 2018 18:10

پاکستانی نژاد ساجد جاوید برطانیہ کے وزیرداخلہ تعینات ہونے والے پہلے ..
لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2018ء) پاکستانی نژاد ساجد جاوید برطانیہ کے وزیرداخلہ تعینات کردئیے گئے اور وہ اس عہدے پر تعینات ہونے والے پہلے مسلمان شخص ہیں۔برطانوی میڈیا کے مطابق وزیر داخلہ ایمبر رڈ نے پارلیمنٹ کے سامنے غیرقانونی تارکین وطن کی واپسی سے متعلق غلط بیانی پر عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا جس کے بعد ساجد جاوید کو اس عہدے کی ذمہ داری سونپ دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

وزیر داخلہ کے عہدے کے لئے ساجد جاوید مضبوط ترین امیدوار کے طور پر سامنے آئے تھے جبکہ ان کے مقابلے میں وزیر ماحولیات مائیکل گوو، وزیر صحت جیرمی ہنٹ، وزیر برائے کابینہ امور ڈیوڈ لڈنگٹن اور وزیر برائے شمالی آئرلینڈ کیرن بریڈلی شامل تھے۔ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے مطابق ساجد جاوید کابینہ کے سب سے تجربہ کار وزراء میں سے ایک ہیں جنہوں نے مشکل صورتحال کو قابو کرنے کی خواہش اور عزم کا اظہار کیا۔ترجمان نے کہا کہ ساجد جاوید کی نئی جاب میں ان کی مہارت کی ضرورت ہے اور برطانوی وزراء کی سطح پر مزید تبدیلیوں کی امید نہیں ہے۔