فتح جنگ، کار اور ٹرک کے مابین تصادم میں ایک شخص جاں بحق، 4 زخمی

پیر 30 اپریل 2018 18:13

فتح جنگ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2018ء) فتح جنگ کوہاٹ روڈ پر کار اور ٹرک کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور چار زخمی ہو گئے ہیں۔ حادثہ ٹرک ڈرائیور کی غفلت سے پیش آیا۔

(جاری ہے)

پولیس ذرائع کے مطابق فتح جنگ کوہاٹ روڈ پرفتح جنگ سے 9کلومیٹر دور جعفر کے قریب فتح جنگ کی جانب سے جانے والا ٹرک نمبرPR9178جسے ڈرائیور افتخار سکنہ پنڈی گھیب چلا رہا تھا کی غفلت اور تیز رفتاری نے انجر جنڈ سے آنے والی کار نمبری RB292کو ٹکر مار دی، حادثے کے نتیجے میں کار میں سوار خید گل ولد شیر خان سکنہ مانجا غنڈی انجر تحصیل جنڈ موقع پر جاںبحق جبکہ بچے سمیت چار افراد حمید اللہ ،رفیع اللہ پسران خید گل ،قیوم ولد سمندر اور ریحان ظفر ولد ظفر اللہ شدید زخمی ہو گئے۔

تمام زخمیوں اور میت کو فوری طور پر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال فتح جنگ منتقل کر دیا گیا جہاں سے زخمیوں کو ان کی تشویشناک حالت کے باعث راولپنڈی ہولی فیملی ہسپتال جبکہ میت کو ضابطہ کی کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ پولیس تھانہ فتح جنگ کے سب انسپکٹر طارق محمود نے حادثے کے مرتکب ڈرائیور افتخار احمدسکنہ پنڈی گھیپ کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔