انجمن اساتذہ عبدالحق کیمپس کے انتخابات ،سید اقبال نقوی، ڈاکٹر عرفان عزیز اور فاروق احمد کھتری ، صدر، جنرل سیکریٹری اور خازن کے عہدوں پر کامیاب

پیر 30 اپریل 2018 18:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2018ء) وفاقی اردو یونیورسٹی میں انجمن اساتذہ عبدالحق کیمپس کے انتخابات میں انقلابی جمہوری پینل کے عہدیدار صدر، جنرل سیکریٹری اور خازن کے عہدوں پر کامیاب ہوگئے جبکہ نائب صدر اور جوائنٹ سیکریٹری کے عہدوں پر نظریاتی پینل کے امیدواروں نے کامیابی حاصل کر لی۔ الیکشن کمیٹی کے کنوینر صادق بلوچ ، رکن ڈاکٹر کمال الدین جامڑو اور رکن ڈاکٹر حسن امام کی جانب سے اعلان کردہ انتخابی نتائج کے مطابق صدر کے عہدے پر شعبہ کامرس کے سید اقبال نقوی۳۶ فیصد ووٹ، جنرل سیکریٹری کے عہدے پر شعبہ ابلاغ عامہ کے ڈاکٹر عرفان عزیز ۶۵ فیصد ووٹ ، خازن کے عہدے پر شعبہ کامرس کے فاروق احمد کھتری ۰۵ فیصد ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔

دوسری جانب نائب صدر کے عہدے پر شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن کے روشن سومرو ۶۴ فیصد ووٹ اور جوائنٹ سیکریٹری کے عہدے پر شعبہ سندھی سے سیما ابڑو ۴۵ فیصد ووٹ لے کر کامیاب ہوگئیں۔

(جاری ہے)

انتخابات میںووٹوں کا تناسب ۱۹ فیصد رہا۔انجمن کے نو منتخب صدر سید اقبال نقوی اور جنرل سیکریٹری ڈاکٹر عرفان عزیز نے اس موقع پر الیکشن کمیٹی کے کام کو سراہا اور اساتذہ کرام کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے منشور پر عمل کا آغاز کر رہے ہیں۔

کلیہ فنون کے رئیس کلیہ ڈاکٹر ضیاء الدین ، رکن سنڈیکیٹ ڈاکٹر ممنون حسین، سینیٹ میں اساتذہ کے نمائندے نجم العارفین اور ڈاکٹر افتخار احمد طاہری، رکن اکیڈمک کونسل ڈاکٹر تسنیم فاطمہ اور ڈاکٹر آزادی فتح محمد برفت نے نو منتخب اساتذہ کو مبارک باد دی ۔ اس موقع پر انقلابی جمہوری پینل کے ڈاکٹراصغر دشتی ، ڈاکٹر فیصل جاوید، ڈاکٹر یاسمین ، رضوانہ جبین اور دیگر نے عبدالحق کیمپس کے اساتذہ کا شکریہ ادا کیا۔