ہسپتالوں کو جدید ترین آلات اور مشینری کی فراہمی کو یقینی بنانے کے ساتھ علاج و معالجے کے جدید طریقوںکو بھی متعارف کرائیں،گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی

پیر 30 اپریل 2018 18:20

ہسپتالوں کو جدید ترین آلات اور مشینری کی فراہمی کو یقینی بنانے کے ساتھ ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2018ء) گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ صحت کے شعبے کو جدیدتقاضوںسے ہم آہنگ کرنے کیلئے ضروری ہے کہ ہم اپنے ہسپتالوں کو جدید ترین آلات اور مشینری کی فراہمی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ روایتی طریقوں کی بجائے علاج و معالجے کے جدید طریقوںکو بھی متعارف کرائیں ۔ انہوں نے کہا کہ مختلف بیماریوں کی تشخیص اور ان کے علاج کیلئے روبوٹک ٹیکنالوجی کو عام کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوموار کے روز بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال میں گیسٹرو کے مرض سے بچاؤ اور تحقیق کے مرکز کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے کیا۔ گیسٹرو اینٹرولوجی انسٹی ٹیوٹ کے سنگ بنیاد کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں ڈاکٹر شربت خان ، ڈاکٹر حقدار ترین اور چیف انجینئر ظفر گچکی سمیت سینئر ڈاکٹروں کی ایک بڑی تعداد نے بھی شرکت کی سنگ بنیاد سے متعلق منعقدہ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ حکومت صحت کے شعبہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے سنجید ہ کاوشیں کررہی ہے ۔

(جاری ہے)

صوبے میں نئے میڈیکل کالجوں کے قیام ، بولان میڈیکل کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کے ساتھ نئے شعبے بھی قائم کئے جارہے ہیں ۔ تقریب سے خطاب میں گورنر بلوچستان بیماریوں سے بچاؤ ، حفظان صحت اور معیاری خوراک کی فراہمی کے حوالے سے شعور و آگہی مہم چلانے پرخصوصی زور دیا۔ اس ضمن میں شعور و آگہی کے مہم کو موثراور فعال بنانے کیلئے ڈاکٹروں کی ذاتی کوششوں اور کردار کو لازمی قراردے تاکہ ہم بیماریوں سے پاک وپاکیزہ معاشرہ کی بنیاد رکھ سکیں ۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں مختلف امراض کی تشخیص ڈاکٹرکی بجائے کمپیو ٹرسے کرانے کا آغاز ہوچکا ہے جبکہ ہمارے ہاں آج غریب لوگ معمولی بیماریوں کے باعث اپنی جانیں بچانے سے قاصرہیں۔ انہوں نے کہا کہ 21ویں صدی سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی صدی ہے اس میں آرٹیفشل انٹیلی جنس ( Artificial Inteligence) کو فروغ ملا ہے۔ لہٰذا ضروری ہے کہ ترقی یافتہ دنیا کے ساتھ قدم بقدم چلنے کیلئے جدید علم و تحقیق میں مہارت حاصل کرنا اشد ضروری ہے ورنہ ہم من الحیث القوم زندگی کے دیگر شعبہ جات میں بھی پیچھے رہ جائیں گے۔

قبل ازیں ڈاکٹر شربت خان نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا اور گیسٹرو اینٹرو لوجی انسٹی ٹیوٹ کے اغراض و مقاصد پر تفصیل سے روشنی ڈالی ۔ بعد ازاں گورنر بلوچستان نے زیر تعمیر سائٹ کا دورہ کیا ۔