ڈپٹی کمشنر لاہور سمیر احمد کی زیر صدارت ضلعی امن کمیٹی اور بین المذاہب ہم آہنگی کے حوالے سے اجلاس

پیر اپریل 18:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 اپریل2018ء) ڈپٹی کمشنر لاہور سمیر احمد کی زیر صدارت ضلعی امن کمیٹی اور بین المذاہب ہم آہنگی کے حوالے سے ایک اہم اجلاس ڈی سی آفس نادر ہال میں منعقد ہوا۔اجلاس میں آغاشاہ حسین، محمد عثمان نوری،شکیل کھوکھر ایم پی اے، سید محمد علی، بشیر احمد یوسفی،علامہ عثمان فاروقی،محمد علی نقشبندی، عبدالمصطفی،ہندو اور عیسائی کمیونٹی کے افراد نے شرکت کی۔

اجلاس میں شب برات اور رمضان المبارک میں امن و مان کی صورت حال کو برقرار رکھنے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا اور شب برات پر پٹاخے چلانے والوں کے خلاف سخت کاروائی کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس پٹاخے چلانے اور بنانے والوں کے خلاف کاروائی کرے گی۔ڈی سی لاہور سمیر احمد سید نے والدین اور علمائے کرام کو ہدایت کی کہ وہ اپنے بچوں کو پٹاخے نہ چلانے کی تلقین کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موچی گیٹ اور اردگرد کے بازاروں میں پٹاخے فروخت کرنے والوں کے خلاف ایکشن لیا جائیگا۔ انہوں نے شب برات کے موقع پر واسا مساجد کو پانی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ داتا دربار اور دیگر مساجد کے اردگرد تجاوزات کے خاتمہ کو بھی یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں گانے بجانے والوں کے خلاف کاروائی کی جائیگی جبکہ افطاری کے عوامی اجتماعات پر سیکیورٹی فراہم کی جائیگی۔ڈی سی لاہور سمیر احمد سید نے کہا کہ رمضان المبارک میں کھلے ہوٹلوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔اجلاس کے اختتام پر ملکی سلامتی کے لئے دعا بھی کی گئی۔