ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل محمد سعید کا شہید بے نظیر بھٹو یونیورسٹی لیاری کا دورہ

پیر 30 اپریل 2018 18:22

ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل محمد سعید کا شہید بے نظیر بھٹو یونیورسٹی ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2018ء) ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل محمد سعید نے شہید بے نظیر بھٹو یونیورسٹی لیاری کا دورہ کیا۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اختر بلوچ، اساتذہ اور طلباء نے ڈی جی رینجرز سندھ کا استقبال کیا۔ پیر کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ڈی جی رینجرز نے اپنے خطاب کے دوران لیاری گینگ وار کے محرکات اور موجودہ حالات کا جائزہ پیش کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے طالب علموں پر زور دیا کہ وہ تعلیمی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے لیاری میں صحت مندانہ رجحانات کو فروغ دیں تاکہ تعمیری سوچ اور صلاحیتیں پروان چڑھ سکیں۔ ڈی جی رینجرز نے مزید کہا کہ لیاری کے ذی شعور عوام خصوصاً اساتذہ اور طلبہ لیاری میں قیام امن میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ ہم سب ماضی کی خون ریزی کو پس پشت ڈال کر پرامن اور روشن مستقبل کی جانب بڑھ سکیں۔ ڈی جی رینجرز کے دورے کے موقع پر یونیورسٹی کے وائس چانسلر، اساتذہ اور طلباء نے قیام امن میں رینجرز کے کردار کو سراہا۔