مزدور کسی بھی جماعت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ،سردارسربلند جوگیزئی

پیپلز پارٹی وہ واحد جماعت ہے جس نے ہمیشہ مزدوروں کے حقوق کیلئے آواز بلند کی،سیکرٹری اطلاعات پیپلز پارٹی بلوچستان

پیر 30 اپریل 2018 18:54

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی نے کہا ہے کہ مزدور کسی بھی جماعت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں پیپلز پارٹی وہ واحد جماعت ہے جس نے ہمیشہ مزدوروں کے حقوق کیلئے آواز بلند کی،پیپلز لیبر بیورو کے کارکن پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کا کوئٹہ پہنچنے پر فقیدالمثال اور جلسے میں بھر پور شرکت کو یقینی بنائیں ۔

یہ بات انہوں نے پیر کو پیپلز پارٹی بلوچستان کے میڈیا سیل میں پیپلز لیبر بیورو بلوچستان کے صدرانیس کشمیری کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی وفد میں جنرل سیکرٹری ہاشم محمد شہی ، سیکرٹری اطلاعات کامران سومرو ، نیک محمدلانگو، داود خان ، حاجی علی احمد محمد شہی اوردیگر شامل تھے۔

(جاری ہے)

سردارسربلند جوگیزئی نے کہا کہ نااہل حکمرانوں نے قومی وسائل لوٹ کر عوام کو فاقوں پر مجبور کر دیا‘مہنگائی ،لوڈ شیڈنگ اور کرپشن نے ملکی معیشت تباہ کر دی مزدور طبقہ مہنگائی اور بے روزگاری کے باعث دو وقت کی روٹی کو ترس ر ہا ہے لیکن حکمران اپنی عیاشیوں کیلئے آئے روز پٹرولیم مصنوعات اوردیگراشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کرکے ٹیکسوں کی مدسے ہونے والی آمدنی پر عیاشیاں کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 2018 کے انتخابات میں پیپلز پارٹی ملک بھر سے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی پیپلز پارٹی کے کارکنان ذوالفقار بھٹو شہید اور محترمہ بے نظیر بھٹو کا پیغام گھر گھر پہنچا ئیں پیپلز پارٹی کو کمزورسمجھنے والے حمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو شہید کا سیاسی وژن ہی وفاق کی سا لمیت کا ضامن ہے شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہیدبے نظیر بھٹو کے نظریات جمہوریت کی مکمل ڈکشنری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی میں مزدور ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں پیپلز پارٹی نے ہمیشہ مزدوروں کے حقوق کیلئے آؤاز بلند کی کیونکہ اگر مزدور خوشحال ہونگے تو ملک ترقی کریگا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز لیبر بیورو کے کارکن پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اوردیگر مرکزی قائدین کا کوئٹہ پہنچنے پر فقید المثال استقبال کریں اور 4مئی کے جلسے میں بھر پور طریقے سے شرکت کرکے جلسے کو کامیاب بنائیں۔