لیاقت آباد کی عوام نے ثابت کیا وہ امن پسند قوتوں کے ساتھ ہیں ،وقارمہدی

. عامر خان ہوں یا ایم کیو ایم لندن یا پھر بہادرآباد کل کے جلسے نے سب کی نیندیں حرام کردیں ہیں،رہنما پیپلزپارٹی

پیر 30 اپریل 2018 19:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سکریٹری وقار مہدی نے ایم کیو ایم بہادرآباد کے رہنما عامر خان اور ایم کیو ایم کے نامعلوم ترجمان کی طرف سے جاری بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عامر خان ہوں یا ایم کیو ایم لندن یا پھر بہادرآباد کل کے جلسے نے سب کی نیندیں حرام کردیں ہیں۔ لیاقت آباد کی عوام نے ثابت کیا کہ وہ امن پسند قوتوں کے ساتھ ہیں ، انکا رہبر بلاول بھٹو زرداری تو ہوسکتا ہے لیکن اجرتی قاتل، بھتہ خور، رہزن اور ملک دشمن نعرے لگانے والے نہ لیاقت آباد والوں کی اور نہ ہی کراچی والوں کی رہنمائی کر سکتے ہیں اور نہ کراچی کے باشعور عوام عامر خان جیسے خودساختہ رہنماوں کے جھوٹے بیانات پر توجہ دینے کو تیار ہیں۔

ان باتوں کا اظہار رہنما پی پی پی نے پارٹی کے مرکزی میڈیا سیل سے جاری بیان میں کیا۔

(جاری ہے)

انکا کہنا تھا خالد مقبول ایک نہیں ایک سو جلسے کریں، کل تک خالد مقبول کو متحدہ قائد بننے کے شوق نے سب کچھ بھلا دیا تھا لیکن پی پی پی جلسے نے انھیں لیاقت آباد کی عوام کی آخر کار یاد دلا ہی دی۔ پی پی پی جلسے کے بعد بہادرآباد کا ٹینکی گراونڈ میں جلسے کا اعلان ان کی بے چینی اور بوکھلاہٹ کا واضح ثبوت ہے۔

وقار مہدی نے کہا عامر خان ، فاروق ستار اور لندن میں چند پیسوں کی بندر بانٹ پر جھگڑا ضرور ہے مگر بلاول بھٹو زرداری کے جلسے کے بعد سب کا یک زبان ہو کر پی پی پی کے خلاف بیان نے بہت سے الجھی گھتیاں سلجا دیں ہیں۔ کراچی کا مئیر حساب کتاب سے فارغ ہو تو اسے احساس ہوکہ شہر میں اسکی کوئی زمے داری ہے، عامر خان جن شہدا کی باتیں کر رہے ہیں انکے ہاتھ ان ہی کے خون میں رنگے ہوئے ہیں۔

مئیر کراچی کو سندھ حکومت اضافی تنخواہوں کی مد میں ماہانہ 50 کروڑ دیتی ہے جس کا کوئی حساب نہیں کہ کراچی پر خرچ کیے جاتے ہیں یا بہادرآباد آفس پر۔ وقار مہدی کا مزید کہنا تھا کہ کل لیاقت آباد کی عوام اپنے گھروں سے نکلی اور یہ سوچ کر پنڈال پہنچی کہ بہت ہوچکا اب اپنا مینڈٹ کسی اجرتی قاتل کو چوری نہیں کرنے دیں گے۔ جس طرح بچوں، عورتوں اور بوڑھوں نے بلاول بھٹو زرداری کا استقبال کیا اسکی تاریخ میں نظیر نہیں ملتی۔

متحدہ دھڑوں کا بلاول بھٹو زرداری کے جلسے پر ردعمل ثابت کرتا ہے کہ سب کا اسکرپٹ رائٹر ایک ہی ہے۔ امجد صابری شہید کا خاندان ہویا ضلع وسطی میں بسنے والے عام خاندان ہم سب کا مستقبل پرامن کراچی ہے جہاں شخصی آزادیوں کے قاتلوں کے لیے کوئی جگہ نہیں، جہاں ہر شخص کو آزاد فیصلے کرنے کا اختیار ہو لیکن آج سے چند برس قبل یہ ممکن نہ تھا، مستقبل قومی مصیبت کا سورج غروب ہو چکا، عامر خان اور لندن رابطہ کمیٹی جان لے اب کراچی کی عوام کسی صورت جبر کی سیاست کرنے والوں کو ووٹ اور حمایت دینے کو تیار نہیں کل کے جلسے نے ثابت کردیا کہ کراچی کے بیٹے اور بیٹیاں اپنے پر مسلط کی گئی مصیبت سے چھٹکارا حاصل کر چکے۔

پی پی پی کے جلسے شہر کراچی کے گراونڈز میں ہوتے رہیں گے اور شہر میں بسنے والی قومیں اسی طرح پی پی پی کے جلسوں میں گلدستہ بنتی رہیں گی کیوں کہ شہر میں نفرتوں کا بیچ بونے والی ایم کیو ایم کے تابوت میں کل لیاقت آباد کے عوام نے آخری کیل ٹھوک دی۔