ْکوشش ہے جامعہ کی سینیٹ میں المنائی کی خالی نشست کو پر کرلیا جائے،وائس چانسلر جامعہ اردو

پیر 30 اپریل 2018 19:18

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2018ء) وفاقی جامعہ اردو کے شیخ الجامعہ ڈاکٹر ایس الطاف حسین نے شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن کے تحت سابق طلباء (المنائی) کے اعزاز میں ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی اولین کوشش ہوگی کہ جامعہ کی سینیٹ میں المنائی کی خالی نشست کو پر کرلیا جائے تاکہ سابق طلباء کی نمائندگی ممکن ہوسکے اور وہ بھی جامعہ کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جامعہ اردو کے وہ سابق طلباء جو دنیا بھر کے اہم اداروں میں بہتر معاشی پوزیشن پر کام کررہے ہیں انہیں چاہئے کہ وہ اپنے مادر علمی کی حالت مزید بہتر بنانے کے لئے آگے بڑہیں اورنہ صرف یہاں زیر تعلیم طلباء کی رہنمائی کریں بلکہ جامعہ کے ترقیاتی منصوبوں میںبھی مددگار ثابت ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ طب، انجینئرنگ اور دیگر شعبوں کے انتظامی امور سنبھالنے کے لئے بھی بزنس ایڈمنسٹریشن کی تعلیم حاصل کرنا مفیدثابت ہوتا ہے۔

پروگرام سے رجسٹرار افضال احمد،انچارج ایوننگ اینڈ ایگزیکٹو پروگرام ڈاکٹر حارث مرزا،شہر کے معروف اداروں میں کامیابی سے مختلف عہدوں پر کام کرنے والے جامعہ کے سابق طلباء کاشف محبوب، ثناء فیصل،اویس ربانی، بدرالنساء، آغا شیرازی،سعدیہ اشرف ،بلا ل خان اور امبر نے بھی خطاب کیا۔ پروگرام آرگنائز رز میں آصف رفیق اور امبر سلیم بھی شامل تھے۔

رجسٹرار افضال احمد نے اس موقع پر کہا کہ جامعہ اردو کے طلباء نہایت باصلاحیت ہیں المنائی جامعہ کی شناخت اور اسکا اصل ہے۔ جامعہ اردو کے طلباء نہایت کامیابی سے زندگی کے مختلف شعبوں میں کام کرکے جامعہ کا نام روشن کررہے ہیں۔ ڈاکٹر حارث مرزا نے کہا کہ یہ جامعہ کے سابق طلباء کا اس نوعیت کاپہلا پروگرام ہے جسے شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن نے ترتیبب دیا ہے اس طرح کے پروگرامز کے ذر یعے نہ صرف سابق طلباء کو ایک جگہ اکٹھا ہوکر اپنے تجربات بیان کرنے کا موقع ملتا ہے بلکہ اس سے طلباء اور صنعت کے درمیان موثر رابطہ بھی استوار ہوتا ہے۔پروگرام میں سابق طلباء و طالبات کو شیلڈز دی گئیں جبکہ طلباء نے موسیقی اور قوالی پیش کرکے حاضرین کی داد سمیٹی۔