شر پسند عناصر کی جانب سے لیاری کے عوام کو بہکانے کا سلسلہ بند کیا جائے ،ترجمان سندھ سالڈویسٹ بورڈ

پیر 30 اپریل 2018 19:18

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2018ء) سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈکے ترجمان نے کہا ہے کہ سینیٹری ملازمین کے تمام جائز حقوق بلا تفریق ترجیحی بنیاد پر پورے کئے جا رہے ہیں۔جس میں بروقت تنخواہوں کی ادائیگی، بائیومیٹرک ویریفیکیشن کے بعد 25 فیصد الاؤنس کی ادائیگی کے علاوہ دیگر جائز اور قانونی مطالبات پورے کئے گئے ہیں۔

ترجمان کے مطابق سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کیلئے سینیٹری ملازمین ریڑھ کی ہڈی کی طرح ہیں اور ادارہ اپنی ذمہ داری سمجھتے ہوئے انکی بہتری اور سہولیات کی فراہمی کے لئے وقت کے ساتھ ساتھ بہتری کے لئے اقدامات کررہا ہے ایسی صورتحال میںیونائٹڈ ورکرز یونین کے کچھ شرپسند سینیٹری ملازمین کاسندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے خلاف غیر قانونی مظاہرے کو بالکل مسترد کرتے ہیں پیپلزیونائٹیڈ ورکزیونین کی جانب سے ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ طحہٰ احمد فاروقی اورچائنیز کنٹریکٹرز کو متعدد بارہراساں کرنے، دھمکیوں، بھتّے مانگنے اودیگرغیر قانونی اقدامات سے متعلق رپورٹ جوڈیشل واٹرکمیشن ، اوردیگر متعلقہ اداروں کو فراہم کردی گئی ہے۔

(جاری ہے)

بورڈ نے تمام ضلعوں کی طرح لیاری کی عوام کوریلیف فراہم کرنے کے لئے متعدد گاڑیوں ومشینریوں کا انتظام کرکے لیاری کی عوام کو صاف ستھراماحول فراہم کیا ہے جس پر لیاری کی عوام خوش اور مطمئن ہیں جبکہ کچھ سینیٹری ملازمین جو ادارے کو کام نہیں کرنے دے رہے ہیں وہ لیاری کی عوام کوبھی بہکانے کا کام کررہے ہیں۔جوڈیشل واٹر کمیشن کی ہدایت پر چائنیزکنٹریکٹر زملازمین کی بائیومیٹرک ویریفیکیشن کے بعدانہیں 25 فیصد الاؤنس کی ادائیگی کررہے ہیں ۔

اسکے باوجودیونائٹیڈ ورکزیونین اور انکی چیئرمین کنیز فاطمہ کے غیر قانونی مطالبات میںکام نہ کرنے والے اورغیر حاضر ملازمین و ڈرائیور جو گاڑیاں نہیں چلاتے انکی تنخواہیں ، پیٹرول اور 25 فیصد الاؤنس دینے کے لئے زور ڈالا جا رہا ہے۔اور غیر قانونی مطالبات پورے نہ کرنے پر مظاہرے اورہراساں کرنے کا عمل جاری رکھا ہوا ہے۔ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ جوڈیشل کمیشن کی ہدایات کے مطابق کام کررہا ہے جبکہ یونائیٹڈ ورکرر یونین کے کچھ شرپسند ملازمین نہ صرف کام روکنے کی کوشش کررہے ہیں بلکہ باقی ملازمین کو اکسا کر ادارے کے کام میں رکاوٹ پیدا کررہے ہیں اور دوسری طرف عوام اور بالخصوص لیاری کے مکینوں کو صفائی ستھرائی کے انکے بنیادی حق سے بھی محروم کررہے ہیں۔

۔بورڈ نے ہراساں کرنے والے ضلع جنوبی کے 7 ڈرائیورز کی خدمات بلدیہ جنوبی کو واپس کر دی ہیں اور اسکی اطلاع بھی متعلقہ اداروں کو دے دی گئی ہے۔ جبکہ کام نہ کرنے والے اور غیر حاضر ملازمین کو کوئی مراعات فراہم نہیں کی جائیں گی۔