حکومت پاکستانی محنت کشوں کے ساتھ بیرون ملک کام کرنے والے کارکنوں کے مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہے ،صدر مملکت

امید ہے محنت کش اپنی شاندار روایات کو برقرار رکھتے ہوئے ملکی تعمیر و ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے ،ْ ممنون حسین کا پیغام

پیر اپریل 19:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 اپریل2018ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ حکومت اندرون ملک کام کرنے والے محنت کشوں کے ساتھ ساتھ بیرون ملک کام کرنے والے کارکنوں کے مسائل کے حل اور بہبود کیلئے متعدد منصوبوں پر عمل پیرا ہے، امید ہے کہ محنت کش اپنی شاندار روایات کو برقرار رکھتے ہوئے ملکی تعمیر و ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

محنت کشوں کے عالمی دن کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں صدر نے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج کا دن محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ کی علامت کے طور پر منایا جاتا ہے، اس دن یہ عہد دہرایا جاتا ہے کہ محنت کش قومی ترقی و خوشحالی کیلئے اپنی ذمہ داری پوری نیک نیتی اور ایمانداری سے ادا کرے گا اور آجر ریاستی و غیر ریاستی، ہر سطح پر محنت کش کے حقوق کی ادائیگی یقینی بنائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستانی معاشرے میں آجر اور اجیر کا رشتہ رحمتِ عالم حضور اکرمؐکے اس فرمان پر استوار ہے ’’محنت کش الله کا دوست ہے لہٰذا اس کا حق پسینہ خشک ہونے سے قبل ادا کر دیا جائے‘‘ جو محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ کے ضمن میں ایک شاندار معاہدے کا سنہری اصول ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ آج کے دن کی مناسبت سے نہ صرف اپنی قوم بلکہ عالمی برادری کو یہ بتاتے ہوئے مسرت محسوس کرتے ہیں کہ اس سلسلہ میں حکومت پاکستان کی تمام تر پالیسیاں اسی سنہری اصول پر استوار ہیں جن کا تحفظ ریاست کا آئین کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہی جذبہ تھا جس کے پیشِ نظر حکومت پاکستان نے اپنے حالیہ بجٹ میں بھی وطنِ عزیز کے محنت کشوں کے معاوضوں میں معقول اضافہ کی تجویز رکھی ہے جو اس شعبہ کی ترقی اور بہبود کیلئے ہماری پالیسیوں کا عملی اظہار ہے۔ صدر نے کہا کہ حکومت وطن عزیز کی ترقی اور استحکام کیلئے اندرون ملک کام کرنے والے محنت کشوں کے ساتھ ساتھ بیرون ملک کام کرنے والے اپنے ہم وطنوں کے مسائل کے حل اور بہبود کیلئے بھی کئی منصوبوں پر کام کر رہی ہے جن کی ترسیلات زر قومی معیشت کے استحکام میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ قومی ترقی کی عظیم جدوجہد میں ہمارے جواں ہمت محنت کشوں کا کردار بنیادی اہمیت کا حامل ہے، قوم جس کی قدر کرتی ہے۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ ہمارے محنت کش اپنی شاندار روایات کو برقرار رکھتے ہوئے ملک کی تعمیر و ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔