انتخابی فہرستوں میں ووٹوں کے اندراج، منتقلی اور کوائف کی درستگی کا وقت ختم ،

ڈیٹا انٹری اور پروسیسنگ کے بعد حتمی انتخابی فہرستوں کی پرنٹنگ شروع ہو جائے گی، الیکشن کمیشن

پیر 30 اپریل 2018 19:41

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2018ء) انتخابی فہرستوں میں ووٹوں کے اندراج، منتقلی اور کوائف کی درستگی کا وقت ختم ہو گیا ہے، ڈیٹا انٹری اور پروسیسنگ کے بعد حتمی انتخابی فہرستوں کی پرنٹنگ شروع ہو جائے گی۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق ملک میں انتخابی فہرستوں میں نئے ووٹوں کے اندراج، ووٹ کی منتقلی اور کوائف کی درستگی کیلئے پہلے 24 اپریل کی تاریخ مقرر کی گئی تھی تاہم بعد ازاں عوامی مطالبہ پر اسے 30 اپریل تک توسیع دیدی گئی تھی، اس دوران ملک بھر میں 15 ہزار کے قریب ڈسپلے مراکز پر ووٹ کے اندراج، منتقلی اور کوائف کی درستگی کیلئے درخواستیں وصول کی گئیں جن کی ڈیٹا انٹری اور پروسیسنگ کے بعد 2018ء کیلئے حتمی انتخابی فہرستوں کی پرنٹنگ کا آغاز ہو جائے گا۔

اس وقت الیکشن کمیشن میں ووٹروں کی تعداد 10 کروڑ 42 لاکھ ہے۔ الیکشن کمیشن نے ملک بھر میں خواتین کے ووٹوں کے اندراج کیلئے خصوصی آگاہی مہم بھی چلائی، دور دراز علاقوں میں خواتین کے مفت شناختی کارڈ بھی بنوائے۔