یوم مئی ہمیں محنت کش طبقہ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے،

آج کا دن پاکستانی مزدور کمیونٹی کے کردار، صلاحییتوں، کام سے لگاؤ، ملک کی خوشحالی اور تر قی پسند قوم کے عزم کی علامت ہے،محنت کش طبقہ کسی بھی ملک کی ترقی اور خوشحالی میں مرکزی کردار ادا کرتا ہے،حکومت مزدوروں کی ترقی اور خوشحالی کیلئے مزدور دوست پالیسیاں وضع کر رہی ہے سپیکر قومی اسمبلی نے سر دار ایاز صادق کا یوم مئی کے حوالے سے اظہار خیال

پیر 30 اپریل 2018 19:41

یوم مئی ہمیں محنت کش طبقہ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کا موقع فراہم ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2018ء) سپیکر قومی اسمبلی نے سر دار ایاز صادق نے کہا ہے کہ یوم مئی ہمیں محنت کش طبقہ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے جو ملکی تعمیر و ترقی میں اہم ستون کی حثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ظلم و ستم، استحصال اور ناانصافی کے خلاف شکاگو کے شہیدوں کی جدوجہد کو یاد کرتے ہوئے ہم مزدور طبقہ کی ملک کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، آج کا دن پاکستانی مزدور کمیونٹی کے کردار، صلاحییتوں، کام سے لگاؤ، ملک کی خوشحالی اور تر قی پسند قوم کے عزم کی علامت ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار یوم مئی کے موقع پر کیا جو (آج) منگل کو دنیا بھر میں منایا جا رہا ہے۔ سپیکر سر دار ایاز صادق نے کہا کہ محنت کش طبقہ کسی بھی ملک کی ترقی اور خوشحالی میں مرکزی کردار ادا کرتا ہے لہذا ہم پر لازم ہے کہ ان کی فلاح و بہبود اور ان کی خدمات کے معاوضہ کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دنیا کے تمام مہذب معاشروں نے اپنے محنت کش طبقے کے حقوق اور فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کیلئے قانون سازی کر رکھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ جمہوری حکومت مزدوروں کی ترقی اور خوشحالی کیلئے مزدور دوست پالیسیاں وضع کر رہی ہے۔ سپیکر نے کہا کہ ملکی ترقی کیلئے حقوق اور فرائض میں توازن انتہائی ناگزیر ہے۔ انہوں نے مزدور برادری کو یہ پیغام دیا کہ وہ ملک کی تر قی و خوشحالی کیلئے محنت جانفشانی سے اپنا کردار ادا کر تے رہیں۔ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے یوم مئی کے موقع پر اپنے پیغام میں دنیا بھر کی افرادی قوت کو خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ افرادی قوت کسی بھی ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں موجودہ جمہوری حکومت مزدور برادری اور ان کے خاندانوں کے فلاح و بہبود کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے مزدور طبقہ کے حقوق کے تحفظ اور انہیں بہتر معیار زندگی کی فراہمی کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔