آئی کیپ کے تحت تقریب تقسیم اسناد، 75 کوالیفائیڈ چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس کو اسناد سے نوازا گیا

پیر اپریل 21:13

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 اپریل2018ء) انسٹی ٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس آف پاکستان (آئی کیپ) کی سدرن ریجنل کمیٹی کے تحت باینئل تقریب تقسیم اسناد گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی صدر آئی کیپ ریاض اے رحمان چامڈیا تھے۔ اس موقع پر حال ہی میں کوالیفائی کرنے والے 75 چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس میں اسنا دتقسیم کی گئیں۔ ان میں سے 15 امیدواروں کو بہترین کارکردگی پر سند اعزاز اور تین میں گولڈ میڈلز سے نوازا گیا۔

تقریب کا تھیم تھا، دی فیوچر، یو۔ تقریب تقسیم اسناد سے خطاب کرتے ہوئے صدر آئی کیپ ریاض اے رحمان چامڈیا نے نئے کوالیفائی کرنے والے طالب علموں اور ان کے والدین کو مبارکباد دی اور کہا کہ آج انہوں نے ایک بڑی کامیابی حاصل کی ہے اور اب آگے انہیں ترقی کا یہ سفر جاری رکھنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اب انہیں مستقبل میں ایمانداری، ذمہ داری اور جذبے کے ساتھ سخت محنت کرنی ہے تاکہ ایک اچھے پروفیشنلز کی طرح خود کو منوا سکیں۔

ریاض رحمان چامڈیا نے کہا کہ انسٹی ٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس ہمیشہ ان کی پیشہ وارانہ رہنمائی اور مدد کرتا رہے گا۔ آئی کیپ کے سابق صدر خلیل الرحمان نے کہا کہ پاکستان میں چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس کی مجموعی تعداد تقریبا آٹھ ہزار ہے جس میں سے دو ہزار بیرون ملک خدمات انجام دے رہے ہیں، یہاں اب صرف تقریبا چھ ہزار موجود ہیں۔ اس تعداد میں اضافہ ہونا چاہیے۔

نئے گریجویٹس کے لیے اشورنس اور پروفیشنل پریکٹس میں بہت مواقع موجود ہیں۔ ٹیکس قوانین دن بہ دن سخت ہوتے جارہے ہیں اور تمام صوبوں میں الگ الگ ٹیکس اتھارٹیز کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئے پروفیشنلز کو صرف اکاؤنٹس اور فنانس ڈپارٹمنٹس میں رہنے کے بجائے دیگر شعبوں میں خدمات انجام دینی چاہیئں۔ تقریب تقسیم اسناد سے الطوق سعودی عرب کے چیف انویسٹمنٹ آفیسراشعر نور نے کہا کہ چارٹرڈ اکاؤنٹنسی کی کوالیفیکیشن حاصل کرنے والے امیدواروں کے لیے یہ منزل نہیں ہے بلکہ یہ ایک نئے سفر کا آغاز ہے۔

نئے پروفیشنلز کو سافٹ اسکلز کے ساتھ ملٹی ڈسپلنری خصوصیات کے حصول پر توجہ دینی چاہیے۔ اس کے ساتھ اخلاقیات کو ہاتھ سے نہ جانے دیں کیونکہ اس کے بغیر بھی کامیابی کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی کیپ کا مینٹورشپ پروگرام پروفیشنلز کی صلاحیتوں کو بڑھانے اور اپنی قابلیت کا مزید بہتر کرنے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔ مستقبل کے چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس کسی بھی ادارے کی پہچان ہوتے ہیں۔

انہیں ہمیشہ قائدانہ کردار ادا کرنا چاہیے۔ تقریب کے موقع پر صدر آئی کیپ ریاض رحمان چامڈیا، سابق صدر خلیق الرحمان، نائب صدر فرخ رحمان، کونسل ممبر حنا عثمانی، خلیل اللہ شیخ، شریف تابانی، سدرن ریجنل کمیٹی کے اعزازی سیکریٹری محمد ذوالفقار اختر، چیف انویسٹمنٹ آفیسر الطوق گروپ اشعر نور اور دیگر مہمانوں میں امیدواروں میں اسناد تقسیم کیں۔ صدر آئی کیپ ریاض رحمان چامڈیا نے مہمان مقررین کو یادگاری شیلڈز پیش کیں۔ تقریب کے اختتام پر چیئرمین سدرن ریجنل کمیٹی عدنان رضوی نے اظہار تشکر کے کلمات ادا کیے۔