Live Updates

جانتے ہیں گزشتہ 5 برس کے دوران کس صوبائی حکومت نے سب سے زیادہ قرضہ لیا؟

گزشتہ پانچ سال کے دوران کے پی کے حکومت نے سب سے زیادہ قرض لیا، زرداری اور عمران خان کی سیاست کو عوام نے دیکھ لیا، وفاقی وزیر سینیٹر مشاہد اللہ خان کی پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو

پیر 30 اپریل 2018 21:13

جانتے ہیں گزشتہ 5 برس کے دوران کس صوبائی حکومت نے سب سے زیادہ قرضہ لیا؟
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2018ء) وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ گزشتہ پانچ سالوں کے دوران کے پی کے کی حکومت نے سب سے زیادہ قرضہ لیا، زرداری نے ایسے شخص کو نائب وزیراعظم بنایا جس کے حوالے سے بی بی شہید نے کہا تھا کہ اگر مجھے کچھ ہوا تو ذمہ دار یہ شخص ہو گا، زرداری اور عمران خان کی سیاست کو عوام نے دیکھ لیا۔

پیر کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان کا لاہور کا جلسہ پچھلے جلسوں سے آدھا تھا، دن بدن لوگ عمران خان کے جلسوں سے نکل رہے ہیں، عمران خان اپنے خطاب میں کس کو لوریاں سنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے پی کے میں کیا خدمات سر انجام دیں، کیا تبدیلی لے کر آئے، یہ جو گیارہ نکات لاہور میں سنائے، بہتر ہوتا کہ اس پر صوبہ خیبرپختونخوا میں عمل کیا جاتا مگر ایسا نہیں ہے، جو پل خیبرپختونخوا میں بنانے کے چند ماہ بعد گر گیا اس کا ذمہ دار کون ہو گا، لیڈی ریڈنگ ہسپتال کا برا حال ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ صوبہ خیبرپختونخوا کی حکومت نے گزشتہ پانچ سالوں کے دوران سب سے زیادہ قرضہ لیا، مگر کوئی بڑا منصوبہ نہیں شروع کیا جا سکا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ لاہور جلسے کے دوران رقص اور عورتوں سے بدتمیزی ہو رہی تھی جبکہ ابرار الحق اور عیسیٰ خیلوی لڈیاں ڈال رہے تھے، لوگوں کو بے وقوف نہ سمجھا جائے، الزام لگانے سے لوگ بڑے نہیں ہو جاتے، میاں نواز شریف نے کسی پر الزامات نہیں لگائے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ زرداری زیادہ جمہوریت کی بات کرتے ہیں، ہم نے آزاد کشمیر میں ان کی حکومت نہیں گرائی، اسی طرح گلگت بلتستان سمیت دیگر صوبوں میں کسی بھی حکومت کے گرانے میں حصہ نہیں بنے، مگر زرداری نے صوبہ بلوچستان میں کچھ لوگوں کی ایماء پر مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو گرایا۔ انہوں نے کہا کہ زرداری نے پیپلز پارٹی کو تباہ کر کے رکھ دیا، بی بی شہید نے ایک شخص کے بارے میں کہا تھا کہ مجھے کچھ ہوا تو ذمہ دار یہ شخص ہو گا تو زرداری نے اسی شخص کو نائب وزیراعظم بنا دیا۔ سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے پہلی مرتبہ آرٹیکل چھ کے تحت مشرف کے خلاف مقدمہ چلایا، اگر پی پی پی والوں میں ہمت ہوتی تو وہ بھی مقدمہ چلاتے مگر ایسا نہیں کر سکے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات