عمران خان کے 11 نکات روایتی اور پرانے ہیں، سابق وزیراعظم نواز شریف عوام کو بیدار کر رہے ہیں

مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما سردار یعقوب خان ناصر کی پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو

پیر اپریل 21:13

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 اپریل2018ء) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما سردار یعقوب خان ناصر نے کہا ہے کہ عمران خان کے لاہور کے جلسے میں بیان کئے گئے 11 نکات روایتی اور پرانے ہیں، ان کو اب 30 نکات پیش کرنے چاہیے تھے، سابق وزیراعظم نواز شریف نے اچھا راستہ اختیار کیا ہے اور وہ عوام کو بیدار کر رہے ہیں۔ پیر کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2018ء کے عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی، ان حالات میں جو لوگ دوسری پارٹیوں کی طرف دیکھتے ہیں وہ غلطی پر ہیں، اس وقت مسلم لیگ (ن) نے ملکی ترقی کے لئے دوسری پارٹیوں سے بہتر کام کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے لاہور میں جو 11 نکات پیش کئے ہیں، ان پر صوبہ خیبرپختونخوا میں عمل کرنے سے کس نے روکا ہے، اب کے پی کے کی کیا حالت ہے، سب کے سامنے ہے، اگر صوبے کو ترقی دیتے تو قوم دعا دیتی، مگر ایسا نہیں کیا گیا، صرف ناچ گانوں پر وقت ضائع کیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف لوگوں کو ڈھول کی تاپ پر اکٹھا کرتی ہے۔ سردار یعقوب خان ناصر نے کہا کہ عمران خان کو لاہور جلسے میں 30 نکات کا اعلان کرنا چاہیے تھا، یہ 11 نکات تو انہوں نے 2013ء کے انتخابات میں عوام کے سامنے پیش کئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کو کوئی ورغلا نہیں سکتا، لوگ سوچ سمجھ کر ووٹ دیں گے۔