نیب ریفرنسز کے آخری مراحل میں شریف خاندان نے واجد ضیاء کیخلاف بڑی چال چل دی

پیر اپریل 21:48

نیب ریفرنسز کے آخری مراحل میں شریف خاندان نے واجد ضیاء کیخلاف بڑی چال ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 اپریل2018ء) شریف خاندان کے خلاف نیب کے تین ریفرنسز میں سابق وزیراعظم نواز شریف نے جے آئی ٹی سربراہ واجد ضیا کا بیان قلمبند کرنے کی درخواست دائر کردی۔ پیر کو اسلام آباد کی احتساب عدالت میں شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت کے آغاز پر نواز شریف نے تینوں ریفرنسز میں واجد ضیا کا بیان قلمبند کرنے کی درخواست دائر کی جس پر ڈپٹی پراسیکیوٹر نیب سردار مظفر عباسی نے اعتراض اٹھایا اور کہا کہ گواہ کٹہرے میں پیش ہو چکا ہے اور اب یہ نئی درخواست لے آئے ہیں۔

نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ نواز شریف کے وکیل واجد ضیا پر جرح سے پہلے تینوں ریفرنسز میں بیان کا سوچتے، وکیل صفائی کارروائی کو بلڈوز کرنا چاہتے ہیں۔ڈپٹی پراسیکیوٹر نیب نے عدالت سے استدعا کی کہ ہم پہلے مرحلے میں لندن فلیٹس ریفرنس کا ٹرائل مکمل کرنا چاہتے ہیں، نیب کے تفتیشی افسر عمران ڈوگر صرف ایون فیلڈ ریفرنس میں تفتیشی ہیں اس لیے پہلے ان کا بیان ریکارڈ کرلیں۔

(جاری ہے)

نیب پراسیکیوٹر نے مزید کہا کہ استغاثہ کے گواہوں کی ترتیب پراسیکیوشن کا قانونی اختیار ہے، واجد ضیا کے بعد فطری طور پر تفتیشی افسر اگلے گواہ ہیں۔یاد رہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں جے آئی ٹی سربراہ واجد ضیا اپنا بیان قلمبند کراچکے ہیں جن پر نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث جب کہ مریم نواز اور کیپٹن(ر)محمد صفدر کے وکیل امجد پرویز بھی جرح مکمل کرچکے ہیں۔