وفاقی بجٹ عوام کی امنگوں کا عکاس ہے‘ آزاد کشمیر کیلئے ترقیاتی فنڈز میں ریکارڈ اضافہ کیا گیا‘ اسد علیم شاہ

پیر اپریل 20:51

ہٹیاں بالا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 اپریل2018ء) ممبر آزاد کشمیر اسمبلی اسد علیم شاہ نے کہا ہے کہ وفاقی بجٹ عوام کی امنگوں کا عکاس ہے،گزشتہ پانچ سالوں میں ملکی معیشت کی دنیا کی تیزی سے ترقی کرتی ہوئی معیشتوں میں شامل ہوئی، قائد پاکستان میاں محمد نواز شریف کی زیر قیادت اور ان کی سرپرستی میں مسلم لیگ ن کی حکومت نے پاکستان کو ایشین ٹائیگر بننے کی شاہراہ پر گامزن کر دیا ہے۔

آزادکشمیر کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی کیلئے ترقیاتی فنڈز میں ریکارڈ اضافہ کیا گیا۔ موجودہ بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا گیاہے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کی گئی۔ مسلم لیگ ن نے جب اقتدار سنبھالا تو ملک دیوالیہ ہونے کے قریب تھا، معیشت تباہ حال تھی،،امن و امان کی صورتحال انتہائی ابتر تھی، روز مرہ کی اشیاء ضرورت اور پیٹرول ڈیزل کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی تھیں۔

(جاری ہے)

ملک کے اند انفراسٹرکچر تباہ حال اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ عرو ج پر تھی۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن کی ٹیم نے تباہ حال اداروں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کیا اور ایک مضبوط مستحکم اور ہر لحاظ سے بہتر پاکستان بنانے کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے گزشتہ پانچ سال اپنے دو رحکومت کے دوران عوام کو ڈٹ کی خدمت کی۔ پاکستان کے اندر سڑکوں کو جال بچھایا گیا، امن و امان کو بحال کیا گیا، بیرون ملک سرمایہ کاروں کو پاکستان آنے پر آمادہ کیا۔ عام آدمی کی مشکلات کم کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے گئے۔ انہوں نے کہاکہ سی پیک کی بدولت پاکستان معاشی طور پر خود کفیل ہو گا۔