پاک آرمی کی طرف سے پنجاب یونیورسٹی کے بلوچستانی طلبہ کی مالی معاونت کیلئے 6.8ملین کی سکالرشپ کی فراہمی

پیر 30 اپریل 2018 22:08

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2018ء) پاک آرمی سدرن کمانڈ نے پنجاب یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات میں ایوننگ کلاسزمیں زیر تعلیم بلوچستانی طلبائو طالبات کو 6.8ملین کی سکالرشپس فراہم کر دی ہیں۔ اس سلسلے میں پنجاب یونیورسٹی وائس چانسلر آفس کے کمیٹی روم میں چیک تقسیم کرنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ناصرہ جبیں ، یونیورسٹی آفیشلز اوراظہار حمید بلوچ کی قیادت میں بلوچستانی طلبہ کے وفد نے تقریب میں شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر ناصرہ جبیں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی صوبوں کے مابین ہم آہنگی کو فروغ دینے میں اپنا مثبت کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی میں بلوچستانی طلبہ کواعلیٰ تعلیم کی مفت فراہمی کیلئے مخصوص کوٹہ پر مارننگ پروگرامز میں داخلے دینا تاریخی اقدام ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلوچستانی طلبہ بہت باصلاحیت ہیں جنہیںاس سنہری موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی تعلیم پر توجہ دینی چاہیے۔

انہوں نے پاک آرمی سدرن کمانڈ کی طرف سے پنجاب یونیورسٹی بلوچستانی طلبہ کو مالی مدد فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔ اظہار حمید بلوچ نے بلوچستانی طلبہ کیلئے مالی معاونت کی کاوشوں پرسابق کور کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض اور موجوودہ کور کمانڈر لاہور کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ رقم مختلف ایوننگ کلاسز میں زیر تعلیم بلوچستانی طلبہ کی فیس ادائیگی اور مارننگ کے طلبہ کے مخصوص ہاسٹلز کے اخراجات میں صرف کی جائے گی۔