پشاور، عوامی نیشنل پارٹی کا 7مئی کو جشن پختونخوا منانے کا اعلان

پیر 30 اپریل 2018 22:50

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 اپریل2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے زیر اہتمام جشن پختونخوا کے حوالے سے ایک عظیم الشان مرکزی تقریب کا انعقاد 7مئی بروزپیر باچا خان مرکز میں کیا جا رہا ہے جس سے پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان سمیت پارٹی کے مرکزی و صوبائی قائدین خطاب کریں گے ، اسی طرح تمام اضلاع بشمول فاٹا اور ایف آرز میں بھی جشن پختونخوا کے حوالے سے خصوصی تقریبات منعقد کی جائیں گی ، ان تقریبات میں شعراء اپنے کلام اور محققین و دانشور اپنے مقالوں کے ذریعے اس عظیم کامیابی پر اپنے خیالات کا اظہار کریں گے، صوبائی صدر امیر حیدر خان ہوتی نے پارٹی کے تمام عہدیداروں ، کارکنوں اور تمام ذیلی تنظیموں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ ان تقریبات میں خصوصی طور پر شرکت یقینی بنائیں اور اے این پی کے گزشتہ دور حکومت میں حاصل کی گئی تمام کامیابیوں سے عوام کو آگاہ کرنے کیلئے منظم اور مآثر انداز میں اپنی توانائیاں بروئے کار لائیں ۔