ٹوکن نمبر 256 ، وزیر اعلی نے ڈی ایچ کیو ہسپتال لیہ میں ہیلتھ کار ڈ بنوایا

کمپیوٹر آپریٹر کی طرف سے عمر پوچھنے پر 48 سال کہہ کر قہقہ لگایا وزیر اعلی کا مختلف وارڈوں کا دورہ ، مریضوں سے احوال دریافت کیا اور مزاج پرسی کرتے رہے

پیر 30 اپریل 2018 22:39

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 اپریل2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال لیہ میں ڈیجیٹل سسٹم کے تحت کارڈ بنوایا اور وزیر اعلی نے انٹری گیٹ پر نصب مشین سے 256 نمبر ٹوکن حاصل کیا اور باری کے تحت کارڈ بنوانے کے لئے کاؤنٹر پر پہنچے جہاں آپریٹر نے ان کا نام اور دیگر کوائف پوچھ کر درج کئے اور کارڈ ایشو کیا-وزیر اعلی نے آپریٹر کے عمر پوچھنے پر 48 سال بتا کر قہقہ لگایا - اس موقع پر وہاں موجود حاضرین بھی مسکرائے بغیر نہ رہ سکی- وزیر اعلی نے کارڈ سسٹم کو سراہا اور اسے نئے دور کاڈیجیٹل سسٹم قرار دیا- قبل ازیں وزیر اعلی نے وارڈ میں جاکر مریضوں کی عیادت کی ، ان سے ہسپتال میں دستیاب سہولتوں ، طبی عملے کے رویے اور اعلی معیار کی ادویات کے بارے میں استفسار کیا - مریضوں اور ان کے لواحقین نے نئے ڈیجیٹل سسٹم کو تازہ ہوا کا جھونکا قرار دیا اور اس پر خوشی کا اظہار کیا- وزیر اعلی نے موبائل بائیومکینیکل ورکشاپ ، حاملہ خواتین کے لئے مخصوص ایمبولینسز ، موبائل ہیلتھ یونٹ کاروان صحت کا دورہ کیا اور اس کے مختلف افعال کے بارے میں آگاہی حاصل کی -وزیر اعلی نے ہاسپٹل ویسٹ تلف کرنے کے لئے مخصوص وین اور ان کے بارے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا- انہوںنے پیتھالوجی لیب کا افتتاح کرنے کے بعد اس کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا - صوبائی سیکرٹری صحت علی جان نے ہیماٹالوجی ، کیمسٹری ، پی ایس آر ، مالیکیولرلیب کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سینیٹر مشاہد حسین، صوبائی وزراء خواجہ عمران نذیر ،اعجاز اچلانہ ، ترجمان پنجاب حکومت ملک محمد احمد خان اوردیگر موجود تھے ۔