کراچی،شہر کے 48 قبرستانوں میں صفائی کا کام کررہے ہیں اور قبرستان کے قریب سے گزرنے والے نالوں کو بھی صاف کیا ہے،

وسیم اختر قبرستانوں میں روشنی کے لئے لائٹس نصب کی گئی ہیں تاکہ شب برأت کے موقع پر اپنے پیاروں کی قبروں پر آنے والے شہریوں کو سہولت ہو، سٹی وارڈنز کو شب برأت کے موقع پر شہریوں کی مدد اور رہنمائی کے لئے تعینات کیا جائے گا،میئر کراچی

پیر 30 اپریل 2018 23:03

کراچی،شہر کے 48 قبرستانوں میں صفائی کا کام کررہے ہیں اور قبرستان کے ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 اپریل2018ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ شہر کے 48 قبرستانوں میں صفائی کا کام کررہے ہیں اور قبرستان کے قریب سے گزرنے والے نالوں کو بھی صاف کیا ہے، قبرستانوں میں روشنی کے لئے لائٹس نصب کی گئی ہیں تاکہ شب برأت کے موقع پر اپنے پیاروں کی قبروں پر آنے والے شہریوں کو سہولت ہو، سٹی وارڈنز کو شب برأت کے موقع پر شہریوں کی مدد اور رہنمائی کے لئے تعینات کیا جائے گا اور قبرستانوں میں 35 گاڑیوں کے ذریعے جراثیم کش اسپرے کرایا جا رہا ہے، سرجانی ٹائون میں دس ایکڑ اراضی پر ماڈل قبرستان بنا رہے ہیں، کوشش ہوگی کہ صرف شب برأت پر ہی نہیں بلکہ پورا سال قبرستانوں میں صفائی اور روشنی کے انتظامات جاری رکھے جائیں اور بجٹ میں اس کے لئے رقم مختص کی جائے گی، یہ بات انہوں نے پیر کے روز عیسی نگری قبرستان کے دورے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، ضلع شرقی کے چیئرمین معید انور، سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز نعمان ارشد، انچارج قبرستان اقبال پرویز، منتخب نمائندے اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے، میئر کراچی نے کہا کہ شہر کے زیادہ تر علاقو ںمیں قبرستان بھر چکے ہیں ان میں مزید تدفین کی گنجائش نہیں ہے لیکن وہاں موجود مافیا ان قبرستانوں میں بھی مردوں کی تدفین کے لئے گنجائش نکال لیتا ہے جس کے سدباب کے لئے اقدامات کر رہے ہیں اور قبرستانوں کے متعلق باقاعدہ بائی لازبنائے ہیں تاکہ تمام امور شفاف اور بہتر طریقے سے انجام دیئے جائیں، انہوں نے کہا کہ شب برأت کے موقع پر شہریوں کی بڑی تعداد اپنے پیاروں کی قبروں پر فاتحہ کے لئے جاتی ہے لہٰذا انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کرنا بلدیاتی اداروں کی ذمہ داری ہے، قبرستانوں کے اطراف تجاوزات کے خاتمے اور صفائی ستھرائی کے لئے بھی انتظامات کئے ہیں اور امید ہے کہ ان اقدامات سے شہریوں کو سہولت ملے گی،میئر کراچی نے عیسی نگری قبرستان کے درمیان سے گزرنے والے نالے کا بھی معائنہ کیا اور اسے صاف کرنے کی ہدایت کی، انہوں نے کہا کہ تمام ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن اپنے اپنے علاقوں میں واقع قبرستانوں کی صفائی ستھرائی کا عمل آج مکمل کرلیں، علاوہ ازیں میئر کراچی وسیم اختر کی ہدایت پر بلدیہ عظمیٰ کراچی کا محکمہ میونسپل سروسز شب برأت کے موقع پر مچھروں اور دیگر جراثیم سے بچائو کے لئے 35گاڑیوں کے ذریعے ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن، ایسٹ، ویسٹ، سائوتھ، سینٹرل، کورنگی ، ملیر اور ڈسٹرکٹ کونسل کراچی کی حدود میں واقع جامع مساجد، امام بارگاہوں اور قبرستانوں کے اطراف اسپرے کا کام انجام دے رہا ہے جن جگہوں پر اسپرے گاڑیوں کا جانا مشکل ہے وہاں دستی اسپرے مشینوں کے ذریعے اسپرے کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ شہریوں کو ڈینگی، ملیریا اور دیگر بیماریوں سے تحفظ مہیا کیا جاسکے، اسپرے مہم کے لئے ضلعی بلدیاتی انتظامیہ کا تعاون بھی حاصل کیا گیا ہے جبکہ چیئرمین، میونسپل کمشنر، متعلقہ افسران سے اسپرے کے کام کی نگرانی کے لئے آفیسر تعینات کرنے اور پروگرام کے مطابق اس کی رپورٹ بھیجنے کی درخواست کی گئی ہے، علاوہ ازیں متعلقہ میونسپل پبلک ہیلتھ کے تمام انچارجز کو اسپرے کے دوران اپنی موجودگی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

#