حکومت سندھ اور محکمہ محنت سندھ نے محنت کشوں، انکے بچوں و خاندان کیلئے مختلف پروگرامز اور منصوبے ترتیب دیئے ہیں محنت کشوں کے عالمی دن کے مو قع پر سید ناصر حسین شاہ کا پیغام

پیر 30 اپریل 2018 23:09

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 30 اپریل2018ء) صوبائی وزیربرائے محنت، ٹرانسپورٹ و اطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ یوم مئی ہمیں ان محنت کشوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے 1886 شکاگو میں اپنے حقوق کیلئے آواز بلند کی۔ پاکستا ن بھی انٹر نیشنل لیبر آرگنائیزیشن کا ممبر ملک ہے اور اس دن کو بھرپور طریقے سے مناتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے محنت کش بھی اپنے حقوق کیلئے آواز بلند کرتے رہے اور انکی جدوجہد رنگ لائی اور وہ بھی معاشرے کے ایک اہم فرد کی حیثیت سے آج ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔

شہید ذوالفقار علی بھٹو بانی چئیرمین پاکستان پیپلز پارٹی نے پہلی لیبر پالیسی 1972 میں دی جس نے محنت کشوں کی حالت زار بہتر بنانے میںاہم کردار ادا کیا۔

(جاری ہے)

موجودہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے نانا کی پیروی کرتے ہوئے سندھ میں محنت کشوں کی فلاح وبھبود کیلئے ٹھوس و عملی اقدامات کیلئے حکومت سندھ کو واضح ہدایات دیں جس کے نتیجے میں 2018 میں پہلی سہ فریقی لیبر پالیسی سندھ کا اجرا ء کیا گیا اور سندھ اسمبلی سے بھی اسے قانون کی شکل دلائی۔

انہوں نے اپنے پیغا م میں مزید کہا کہ حکومت سندھ اور محکمہ محنت سندھ نے محنت کشوں، انکے بچوں و خاندان کیلئے مختلف پروگرامز اور منصوبے ترتیب دیئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سہ فریقی نمائندوں کے ساتھ ملکر پہلی سہ فریقی لیبر کانفرنس, انکی حفاظت کیلئے آکوپیشنل سیفٹی و ہیلتھ جیسے قوانین اور ہر سطح پر مزدوروں کی زیادہ سے زیادہ نمائندگی کا حق دینے جیسے اقداما ت درا صل شہید ذوالفقار علی بھٹو اورشھید محترمہ بینظیر بھٹو کے خوابوں کی تکمیل کی ایک شکل ہے اورآئندہ بھی موجودہ چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کی نوجوان قیادت میں انہیں مزید مضبوط، مستحکم بناکر پاکستان اور قوم کی ترقی میں انکو اپنا کردار ادا کرنے میں راہ فراہم ہوگی اور پاکستان ایک اسلامی فلاحی ریاست کے طور پر عالمی سطح پر نظر آئیگا۔

پاکستان زندہ باد پاکستان کے محنت کش پائندہ باد۔#