گورنر سندھ سے وزیر مملکت سید ایاز علی شاہ شیرازی کی ملاقات، اہم امور پر گفتگو

اشیائے خوردونوش کی حفظان صحت کے تقاضوں کے مطابق فراہمی حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے، گورنر سندھ اس ضمن میں ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جار ہے ہیں تاکہ غیر معیاری خوراک کی روک تھام کے ساتھ ساتھ مقدس مہینہ رمضان المبارک کے ایام میں قیمتوں میں استحکام اور صحت کے تقاضوں کے مطابق خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے، گفتگو

پیر 30 اپریل 2018 23:09

گورنر سندھ سے وزیر مملکت سید ایاز علی شاہ شیرازی کی ملاقات، اہم امور ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 30 اپریل2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر سے وزیر مملکت برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ سید ایاز علی شاہ شیرازی نے پیر کوگورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر سید شفقت حسین شاہ شیرازی اور محمد حنیف میمن بھی موجود تھے۔ ملاقات میں قومی معیشت میں وزارت کے کردار ، خوراک کی پیداوار بڑھانے ، ملکی و بین الاقوامی سطح پر قیمتوں کے استحکام ، خوراک کی طلب و رسد برقرار رکھنے، خوراک کی پیداوار بڑھانے کے لئے بیجوں پر ریسرچ اور حفظان صحت کے تقاضوں کے مطابق خوراک کی فراہمی کو یقینی بنانے سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر گورنرسندھ نے کہا کہ اشیائے خوردونوش کی حفظان صحت کے تقاضوں کے مطابق فراہمی حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے اس ضمن میں ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جار ہے ہیں تاکہ غیر معیاری خوراک کی روک تھام کے ساتھ ساتھ مقدس مہینہ رمضان المبارک کے ایام میں قیمتوں میں استحکام اور صحت کے تقاضوں کے مطابق خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبہ میں اشیائے خوردو نوش کی قیمتوں میں استحکام ، کوالٹی کنٹرول اور حفظان صحت کے مطابق خوراک کی فراہمی کے لئے اس سے متعلقہ ادارے متحرک کردار ادا کررہے ہیں اس ضمن میں وفاقی وزارت کے اقدامات اہم ثابت ہو رہے ہیں ،آبادی میں اضافہ کے ساتھ ساتھ خوراک کی طلب بھی بڑھتی جارہی ہے اس ضمن میں بیجوں پر ریسرچ سے پیداوارکو مزید بڑھایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ برس کے لئے بجٹ میں کاشتکاروں ، آباد گاروں اور زمینداروں کے لئے زبردست ریلیف فراہم کیا گیا ہے کیونکہ زرعی ملک میں زراعت سے وابستہ طبقہ کی خوشحالی سے ہی قومی معیشت مزید مستحکم اور مضبوط بنائی جاسکتی ہے ، آبادگاروں ، کاشت کاروں اور زمینداروں کو پانی ، بجلی ، کھاد اور ریسرچ شدہ بیج کی فراہمی سے قیمتوں میں استحکام اور طلب کے مطابق پیداوار یقینی بنائی جا سکتی ہے ، عالمی منڈی میں پاکستانی مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ برآمدات میں کمی کا سبب ہے ، موجودہ حکومت نے عالمی منڈی میں مسابقتی ماحول کے مطابق پاکستانی مصنوعات کی تیاری کے لئے کسانوں کو ریلیف فراہم کیا ہے تاکہ عالمی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات ماضی کی طرح ایک بار پھر اپنا مقام دوبارہ حاصل کرسکے۔

ملاقات میں وزیر مملکت سید ایاز علی شاہ شیرازی نے گورنرسندھ کو اپنی وزارت کے اٹھائے گئے اقدامات ، اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں استحکام ، حفظان صحت کے تقاضوں کے مطابق اشیائے خوراک کی فراہمی اور طلب کے مطابق خوراک کی پیداوار بڑھانے کے لئے بیجوں پر ریسرچ سے متعلق تفصیل سے آگاہ کیا۔ #