یوم مئی ہمیں محنت کش طبقے کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کا موقع فراہم کرتاہے،سپیکر قومی اسمبلی

آج کا دن پاکستانی مزدور کمیونٹی کے کردار، صلاحییتوں، کام سے لگائو ، ملک کی خوشحالی اور تر قی پسند قوم کے عزم کی علامت ہے جوملکی تعمیر و ترقی میں اہم ستون کی حثیت رکھتے ہیں، سپیکر قومی اسمبلی سر دار ایاز صادق کا یوم مزدوراں پر پیغام

پیر 30 اپریل 2018 23:18

یوم مئی ہمیں محنت کش طبقے کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کا موقع فراہم ..
اسلا م آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 30 اپریل2018ء) سپیکر قومی اسمبلی سر دار ایاز صادق نے کہا ہے کہ یوم مئی ہمیں محنت کش طبقے کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے جو ملکی تعمیر و تر قی میں اہم ستون کی حثیت رکھتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ظلم و ستم ،استحصال اور ناانصافی کے خلاف شکاگو کے شہیدوں کی جدوجہد کو یاد کرتے ہوئے ہم مزدور طبقے کی ملک کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج کا دن پاکستانی مزدور کمیونٹی کے کردار، صلاحییتوں، کام سے لگائو ، ملک کی خوشحالی اور تر قی پسند قوم کے عزم کی علامت ہے ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار یوم مئی کے موقع پر کیا جو منگل کے روزدنیا بھر میں منایا جا رہا ہے ۔

(جاری ہے)

سپیکر سر دار ایاز صادق نے کہا ہے کہ محنت کش طبقہ کسی بھی ملک کی تر قی اور خوشحالی میں مرکزی کردار ادا کرتا ہے لہذا ہم پر لازم ہے کہ ان کی فلاح و بہبود اور ان کی خدمات کے معاوضے کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنایا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کے تمام مہذب معاشروں نے اپنے محنت کش طبقے کے حقوق اور فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے قانون سازی کر رکھی ہے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ جمہوری حکومت مزدوروں کی تر قی اور خوشحالی کے لیے مزدور دوست پالیسیاں وضع کررہی ہے ۔سپیکر نے کہا کہ ملکی تر قی کے لیے حقوق اور فرائض میں توازن انتہائی ناگزیرہے ۔انہوں نے مزدور برادری کو یہ پیغام دیا کہ وہ ملک کی تر قی اور خوشحالی کے لیے محنت جانفشانی سے اپنا کردار ادا کر تے رہیں ۔

ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے یوم مئی کے موقع پر اپنے پیغام میں دنیا بھر کی افرادی قوت کو خراج تحسین پیش کیا ۔انہوں نے کہا کہ افرادی قوت کسی بھی ملک کی سماجی و اقتصادی تر قی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں موجودہ جمہوری حکومت مزدور برادری اور ان کے خاندانوں کے فلاح وبہبود کے لیے تر جیہی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے ۔انہوں نے مزدور طبقے کے حقوق کے تحفظ اور انہیں بہتر معیار زندگی کی فراہمی کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا ۔