بیلسٹک میزائل پروگرام پر تہران کے خلاف مزید پابندیاں عائد کی جائیں گی،پومیو

حزب اللہ کی امداد پرایران سے پوچھ گچھ کی جائے، امریکی وزیر خارجہ

پیر 30 اپریل 2018 23:20

واشنگٹن/تہران(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 30 اپریل2018ء) بیلسٹک میزائل پروگرام پر تہران کے خلاف مزید پابندیاں عائد کی جائیں گی،حزب اللہ کی امداد پرایران سے پوچھ گچھ کی جائے ۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی وزیرخارجہ نے ایران کے بیلسٹک میزائل پروگرام پر تہران کے خلاف مزید پابندیاں عائد کرنے پر زور دیا ہے اور کہا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ ایران کے میزائل پروگرام اور حزب اللہ کے امداد کا سد باب کیا جائے۔

امریکی سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیو نے اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو کے ہمراہ ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ امریکا ایران کے میزائل پروگرام اور لبنانی شیعہ ملیشیا حزب اللہ کے بڑھتے اثرو رسوخ کو خطرے کے طور پر دیکھ رہا ہے۔

(جاری ہے)

سیکریٹری خارجہ پومپیو ہفتے کو سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پہنچے تھے جہاں انھوں نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے عشائیے میں شرکت کی تھی اور اتوار کو ان کے والد شاہ سلمان سے ملاقات کے بعد وہ اسرائیل پہنچے ہیں۔

اس کے بعد وہ اردن کے حکام کے ساتھ ملاقات کے لیے عمان بھی جائیں گے۔مائیک پومپیو کا کہنا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ایران کے جوہری پروگرام پر طے پائے معاہدے پر موقف واضح ہے۔ ایران کے جوہری پروگرام پر سمجھوتے میں کم زوریوں کو دور کرنا ہوگا۔اس دورے کا مقصد علاقائی اتحادیوں کو ایران کے خلاف مزید پابندیوں کے لیے قائل کرنا اور صدر ٹرمپ کی جانب سے ایران کے ساتھ جوہری معاہدے کے مجوزہ خاتمے کی تفصیلات کے بارے میں آگاہ کرنا ہے۔

خیال رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ 12 مئی کو تہران پر دوبارہ پابندیاں عائد کرنے کے بارے میں فیصلہ کریں گے جس سے سنہ 2015 میں ایران کے ساتھ عالمی طاقتوں کا طے پانے والا جوہری معاہدہ ختم ہوسکتا ہے۔بیشتر عالمی طاقتیں سمجھتی ہیں کہ اس معاہدے کے ذریعے ایران کے جوہری پروگرام کو روکا جا سکتا ہے۔