کارسرکار میں مداخلت، امریکی سفارتخانے کے سیکیورٹی افسر کے خلاف مقدمہ درج

ایف آئی آر میں ڈیوٹی افسر پر حملہ اور کار سرکار میں مداخلت کی دفعات شامل ، مقدمے میں امریکی سفارتخانے کے سیکیورٹی افسر سید تیمور کو ملزم نامزد کر کے اسے گرفتار کرلیا گیا ،علاقہ مجسٹریٹ نے ملزم کی ضمانت منظور کرلی

پیر 30 اپریل 2018 23:22

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 30 اپریل2018ء) وفاقی دارالحکومت میں اتوار کی رات سیکرٹریٹ چوک میں امریکی سفارتکارکی گاڑی اور ایک موٹرسائیکل میں تصادم کے باعث ہونے والے حادثے کا مقدمہ تھانہ سیکرٹریٹ میں موٹرسواردو نوجوانوں کے خلاف درج کرلیا گیا جبکہ امریکی سفارتخانے کے سیکیورٹی افسر کی طرف سے پولیس کو دھکے، دھمکیاں اور ہاتھ پائی کرنے کا مقدمہ بھی تھانہ سیکرٹریٹ میں درج کرلیا گیا ، اس مقدمے میں امریکی سفارتخانے کے سیکیورٹی افسر سید تیمور کو ملزم نامزد کر کے اسے گرفتار کرلیا گیا تھا تاہم علاقہ مجسٹریٹ کی عدالت میں ملزم کو پیش کیا گیا اور عدالت نے ملزم کی ضمانت منظور کرلی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز اسلام آباد میں امریکی سفارتکار کی گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل پر سوار 2 افراد شدید زخمی ہوگئے تھے جس کے بعد پولیس نے امریکی سفارتکار کو گاڑی سمیت تھانہ سیکرٹریٹ منتقل کیا جہاں ٹریفک سارجنٹ ساجد کے بیان پر مقدمہ درج کیا گیا جس پر ٹریفک سارجنٹ نے بتایا کہ تھانہ سیکرٹریٹ چوک میں موٹرسائیکل سواروں نے غفلت اور لاپرواہی برتی جس کی وجہ سے وہ امریکی سفارتکار کی گاڑی سے ٹکرا گئے، امریکی سفارتکار شاہراہ دستور سے مارگلہ روڈ کی طرف جا رہا تھا جبکہ موٹرسوائیکل سوار دونوجوان ایوب چوک کی طرف سے پی ٹی وی کی عمارت کے سامنے سے گزرتے ہوئے سیکرٹریٹ چوک کراس کر رہے تھے جس پر وہ امریکی سفارتکار کی گاڑی سے جا ٹکرائے، پولیس نے ٹریفک سارجنٹ کے بیان کی روشنی میں موٹرسائیکل سوار محمد نزاقت اور محمد وسیم کی غفلت و لاپرواہی پر زیر دفعہ 279ت پ مقدمہ درج کرلیا،مقدمے کے اندراج کے بعد سفارتکار کو ضابطے کی کارروائی اور سفارتی دستاویزات کی تصدیق کے بعد جانے کی اجازت دے دی جبکہ سفارتکار کے ساتھ تھانہ سیکرٹریٹ میں امریکی سفارتخانے کے پاکستانی سیکیورٹی افسر سید تیمور کو بھی لے جایا گیا تھاجس پر حادثے کے فوری بعد امریکی سفارتکار کو فرار کرانے، پولیس کے ساتھ ہاتھا پائی، دھکم پیل، گالم گلوچ اور کارسرکار میں مداخلت کا مقدمہ درج کر کے اسے گرفتار کرلیاگیاتھا ، ملزم کو علاقہ مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا ، عدالت نے ملزم کی ضمانت منظور کرلی اور کیس کی سماعت 14مئی تک ملتوی کر دی۔