Live Updates

پیغمبر اسلام کی تعلیمات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں،نریندر مودی

مسلمان رمضان میں اپنے غریب بھارتی بھائیوں کا خیال رکھیں، رمضان کا مہینہ پیغمبراسلام حضرت محمد ؐ کی تعلیمات اورپیغامات پر عمل کاموقع ہے،پیغمبر اسلام کی زندگی سے سبق حاصل کر کے مساوات اور بھائی چارے کے راستے پر چلنا سب کی ذمہ داری ہے، بھارتی وزیر اعظم کی ریڈیو پروگرام من کی بات میں گفتگو

پیر 30 اپریل 2018 23:24

پیغمبر اسلام کی تعلیمات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں،نریندر مودی
نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 30 اپریل2018ء) بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ پیغمبر اسلام کی تعلیمات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں،مسلمان رمضان میں اپنے غریب بھارتی بھائیوں کا خیال رکھیں، رمضان کا مہینہ پیغمبراسلام حضرت محمدؐ کی تعلیمات اورپیغامات کو یاد کرنے کا موقع ہے،پیغمبر اسلام کی زندگی سے سبق حاصل کر کے مساوات اور بھائی چارے کے راستے پر چلنا سب کی ذمہ داری ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی نے بھارتی عوام سے غریبوں اور ضرورت مندوں کی خدمت کرنے کے لئے پیغمبراسلام حضرت محمد مصطفی ؐ کی تعلیمات پرعمل کرنے کی اپیل کی۔ وزیراعظم نے ریڈیو سے نشر ہونے والے پروگرام ’من کی بات‘ میں کہا کہ میں تمام ہم وطنوں کو رمضان المبارک کے مقدس مہینے کی مبارکباد دیتا ہوں اور مجھے امید ہے کہ یہ موقع لوگوں کو امن اور خیر سگالی کے حضرت محمد مصطفیؐ کی تعلیمات اورپیغامات پر چلنے کی ترغیب دے گا۔

(جاری ہے)

نریندر مودی نے کہا کہ رمضان کا مہینہ پیغمبراسلام حضرت محمد ؐ کی تعلیمات اور ان کے پیغامات کو یاد کرنے کا موقع ہے اور ان کی زندگی سے سبق حاصل کر کے مساوات اور بھائی چارے کے راستے پر چلنا سب کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ پیغمبراسلام حضرت محمدؐ نے لوگوں کو مساوات اور بھائی چارے کی راہ دکھائی جو ہم سب کیلئے مشعل راہ ہونی چاہیے۔وزیر اعظم نے کہا کہ پیغمبراسلام حضرت محمدؐ علم اور ہمدردی میں یقین رکھتے تھے۔

انہیں کسی بات کا غرور نہیں تھا، آپؐفرمایا کرتے تھے کہ اگر آپ کے پاس کوئی بھی چیز آپ کی ضرورت سے زیادہ ہے تو آپ اسے کسی ضرورت مند شخص کو دے دیں، لہٰذا رمضان میں عطیات کی بھی بہت اہمیت ہے اور ہم ان کی تعلیمات پر مبنی پرامن اور ہمدردی و رحمدلی سے بھرے عالم کی تعمیر میں اپنی ذمہ داری ادا کر سکتے ہیں بشرطیکہ آپ ؐ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی کوشش کی جائے۔
Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات