Live Updates

تحر یک انصاف بے ضمیروں اور ایجنسیوں کے ایجنٹوں کی نشانی ہے عمران خان ایجنسیوں کے آلہ کار ہیں‘ رانا ثنا اللہ خان

(ن) لیگ آنیوالے انتخابات میں کسی سے اتحاد نہیں کر یں گی‘ تحریک انصاف تبدیلی کا نعرہ لگاتے لگاتے خود تبدیل ہو گئی‘پنجاب میں سب سے بڑے لوٹے کا مقابلہ شہباز شریف یا حمزہ شہباز اور جو پاکستان کا سب سے بڑا لوٹا ہے اس کا مقابلہ نواز شریف یا مریم نواز کریں گی‘ضمنی بجٹ کے حوالے سے بات چل رہی ہے اورحکومت پنجاب چار ماہ کا بجٹ پیش کرے گی‘ پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو

پیر 30 اپریل 2018 23:33

تحر یک انصاف بے ضمیروں اور ایجنسیوں کے ایجنٹوں کی نشانی ہے عمران خان ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 30 اپریل2018ء) صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ (ن) لیگ آنیوالے انتخابات میں کسی سے اتحاد نہیں کر یں گی‘ تحریک انصاف تبدیلی کا نعرہ لگاتے لگاتے خود تبدیل ہو گئی‘تحر یک انصاف سیاسی جماعت نہیں بلکہ لوٹوں،بے ضمیروں اور ایجنسیوں کے ایجنٹوں کی نشانی ہے اور عمران خان ایجنسیوں کے آلہ کار ہیں‘پنجاب میں سب سے بڑے لوٹے کا مقابلہ شہباز شریف یا حمزہ شہباز اور جو پاکستان کا سب سے بڑا لوٹا ہے اس کا مقابلہ نواز شریف یا مریم نواز کریں گی‘ضمنی بجٹ کے حوالے سے بات چل رہی ہے اورحکومت پنجاب چار ماہ کا بجٹ پیش کرے گی۔

پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ تحریک انصاف کا 29اپریل کا جلسہ روایتی ، ٹھنڈا ٹھار اور دیہاڑی داروں کا جلسہ تھا جس میں تبدیلی کی ایک رمک بھی نظر نہیں آئی گھریلو خواتین جو 30 اکتوبر کے جلسے میں تبدیلی کے نعرے لگار ہی تھی جن کی آنکھوں میں تبدیلی کی چمک او رامید تھی وہ 29اپریل کے جلسے میں موجود نہیں تھیں ۔

(جاری ہے)

جلسے میںموجود خواتین کے ٹھمکے بتا رہے تھے یہ کہاں سے آئی ہیں اس سے قبل ایک رات پہلے آتش بازی پر لاکھوںروپے خرچ کئے گئے اورکرائے پر ڈانس کرنے والے اور والیوں کے ذریعے تماشہ لگایا اور پی ٹی آئی کا لوگوں کو اپنے جلسوںمیں راغب کرنے کا یہ ایک طریقہ ہے ۔ انہوںنے کہا کہ جلسے میں وہاڑی، گوجرانوالہ، پشاور اور پورے ملک سے لوگوں کو اکٹھا کیا گیا۔

پینتیس ہزار کرسیاں لگا کر پچاس ہزار بتائی گئیں اور رات کے اندھیرے اور روشنی میں یہ ثابت کرنے کی کوشش کی گئی کہ بہت بڑا جلسہ تھا ۔ اسٹیج کا یہ حال تھاکہ 30اکتوبر کو تبدیلی کیلئے پر امید پر جوش جو نوجوان اسٹیج پر موجود تھے وہ لوٹوں ، فصلی بٹیروں سے تبدیل ہو گیا اور کالے ، نیلے ، پیلے لوٹے بیٹھے تھے ،ایک بے ضمیر کی ہنسی بتا رہی تھی کہ اس کا ضمیر اسے جوتے ماررہا ہے ۔

انہوں نے پی ٹی آئی کا پنجابی کی مثال کی طرح یہ حال ہوا ہے کہ رانجھا رانجھا کردی میں آپے رانجھا ہوئی ۔ پی ٹی آئی تبدیلی کا نعرہ لگاتی لگاتی خود تبدیل ہو گئی ہے۔انہوںنے کہا کہ پی ٹی آئی کے پاس ایسا کوئی بھی شخص نہیں تھا جس کا بنیادی طو رپر پی ٹی آئی سے تعلق ہو ۔ شاہ محمود قریشی بذریعہ پیپلز پارٹی اس جماعت میں آئے،جہانگیر ترین (ق) لیگ ، فواد چوہدری پہلے (ق) لیگ اور پھر وہاں سے پیپلزپارٹی اور پھر پی ٹی آئی، چوہدری سرور پہلے پیپلز پارٹی پھر مسلم لیگ (ن) ،گورنر ہائوس اور پھر تحریک انصاف میں آئے ۔

انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم لوٹوں کا بھرپو رپیچھا کریں گے اور انہیں ان کے حلقوں میں عبرتناک شکست دیں گے۔ فیصل آباد میں جو سب سے بڑا لوٹا ہے میں خود اس کا مقابلہ کروں گا ،اسی طرح پنجاب کا جو سب سے بڑا لوٹا ہے اس کا مقابلہ وزیر اعلیٰ شہباز شریف یاحمزہ شہباز کریں گے اور جو پاکستان کا سب سے بڑا لوٹا ہے اس کا مقابلہ نواز شریف یا مریم نواز کریں گی ۔

انہوںنے کہا کہ جنوبی پنجاب محاذ والے عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں یہ بھی لوٹا اور ایجنسیوں کا محاذ ہے ۔ انہوںنے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ضروری نہیں کہ جلسے کا جواب جلسے ،الزام اور گالی کا جواب بھی اسی طرح دیا جائے ۔نواز شریف نے جو جلسے کئے ہیں وہ دن کی روشنی میں کئے اور ان جلسوں میں مقامی لوگ شریک ہوئے ۔ پی ٹی آئی تو نواز شریف کے جلسوںکا جواب دے رہی ہے اور جواب دینے کی کوشش خود ان کے اپنے گلے پڑ گئی ہے۔

انہوںنے کہا کہ جو لوگ ہمیں چھوڑ کر گئے ہیں ان پر ایجنسیوں نے کام کیا ہے،اپنی جماعت کو چھوڑنا لوٹا کریسی ہے۔2018 میں سیاسی جماعتوں ،میڈیا اور کارکنوں کو اس برائی کو ختم کرنے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ موجودہ اسمبلی نے ریکارڈ قانون سازی کی ہے تاہم اپوزیشن اس مرتبہ اتنی نالائق ہے کہ وہ اپنا کام نہیں کرسکی ،اپوزیشن نے سوائے کورم کی نشاندھی کے علاہ کوئی کام نہیں کیا ۔

انہوں نے کہا کہ آصف زرداری اینٹ سے اینٹ بجارہے تھے لیکن ان پر عزیر بلوچ کی تلوار لٹکی ہوئی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ( ن) نئے صوبوں کے بنانے کے لئے کردار ادا کرے گی،مسلم لیگ (ن) تمام سیاسی جماعتوں سے جمہوری طریقے سے رابطے کو برا نہیں سمجھتی ،البتہ آنے والے انتخابات میں کسی سے اتحاد نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ضمنی بجٹ کے حوالے سے بات چل رہی ہے ،پنجاب حکومت 4 ماہ کا بجٹ پیش کرے گی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات