18میگاواٹ نلتر پاور پروجیکٹ کی بحالی کے کام میں تیزی لائی جائے، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان

پیر 30 اپریل 2018 23:42

گلگت۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2018ء) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے سیکریٹری برقیات اور دیگر متعلقہ آفیسران کو ہدایت کی ہے کہ 18میگاواٹ نلتر پاور پروجیکٹ کی بحالی کے کام میں تیزی لائی جائے۔ 4مئی سے قبل گلگت کو بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ 18میگاواٹ نلتر پاور پروجیکٹ کی بحالی کیلئے ساڑھے 3کروڑ کی رقم فراہم کی جائے گی۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نی18میگاواٹ نلتر پاور پروجیکٹ کے بحالی کے کام کا جائزہ لیا۔ اس موقع پرانہوں نے بحالی کے کام کرنے والے چائینز انجینئرز اور دیگر عملے کے کام کی تعریف کی۔ وزیر اعلیٰ کو محکمہ برقیات کی جانب سے بحالی کے کاموں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ حکومت متاثرہ34گھرانوں کے بھرپور مدد کرے گی جانوں کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے متاثرہ 34گھرانوں کو محفوظ مقام پر آباد کرنے کیلئے سروے کرایا جائے گا۔

(جاری ہے)

حادثات سے بچائو کیلئے اقدامات کئے جائیں گے کمیونٹی ،محکمہ برقیات اور انتظامیہ کے مابین ہونے والی سفارشات کی روشنی میں متاثرہ خاندانوں کی داد رسی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان حکومت عوام کی اپنی حکومت ہے جو مسائل حل کرنے کیلئے مخلصانہ اقدامات کررہی ہے۔ نلتر پائین سکول کی تعمیر کو جلد از جلد مکمل کرنے کیلئے احکامات دیئے گئے ہیں نلتر پائین سکول کو ماڈل سکول بنایا جائے گا۔

نلتر کا ماسٹر پلان تیار کیا جارہاہے جی ڈی اے کے حدود کو نلتر تک وسعت دی گئی ہے نلترایکسپریس وے ڈیڑھ سال میں تعمیر کیا جائے گا۔ کمیونٹی کی تعمیر و ترقی کیلئے منصوبے شروع کئے جاچکے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ نلتر کے عوام کو معاشی طور مستحکم کرنے کیلئے وزیر اعلیٰ بلاسود قرضوں کی فراہمی کا آغاز کیا جائے گاجس کیلئے اخوت کا دفتر جلد نلتر میں کھولا جائے گا۔

پرائیویٹ سودی نظام کے خلاف قانون سازی کی جاچکی ہے پرائیویٹ سودی کاروبار کرنے والوں کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے کسی بھی علاقے میں پرائیویٹ سودی کاروبار کرنے والوں کیخلاف حکومت کے ساتھ تعاون کیا جائے اور ان کی نشاندہی کی جائے۔ نلتر میں سیاحت، زرعت اور فش فارمنگ کے وسیع مواقع موجود ہیں حکومت ہرممکن تعاون کرے گی۔

اس سے قبل وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے نلتر پائین میں کمیونٹی اور سکول جانے والے بچوں کے مسائل دریافت کئے اور کہا کہ حکومت دور دراز علاقوں میں بہتر تعلیمی مواقع فراہم کرنے کیلئے اقدامات کررہی ہے۔ نلتر پائین میں گورنمنٹ پرائمری سکول کی تعمیر کیلئے سیکریٹری تعلیم سے رپورٹ طلب کی جائے گی۔ انہوںنے 16میگاواٹ نلتر فیزIIIکے جاری کام کا جائزہ لیا۔انہوںنے متعلقہ آفیسران کو ہدایت کی ہے کہ نلتر فیزIIIکے کام میں تیزی لائی جائے۔ جون2019تک 16میگاواٹ نلترفیزIIIکے کام کومکمل کیا جائے جس کیلئے پلان تیار کیا جائے۔ مقام افراد کو غیرفنی ملازمتوں میں ترجیح دی جائے۔ حکومت چائینز انجینئرز اور کام کرنے والوں کو سیکورٹی کی فراہمی یقینی بنائے گی۔