Live Updates

پیسہ اپنی محنت سے کمایا، منی ٹریل تلاش کرنے والوں کو دو-’’صفر‘‘حاصل ہوں گے،سید پرویز مشرف

کسی پاکستانی کو امریکہ کے حوالے نہیں کیا،غیرملکی دہشت گردوں کو جو بھی لے جائے ہمیں اس سے کوئی غرض نہیں ہونی چاہئیے،ملک میں مثبت تبدیلیاں آرہی ہیں،نہیں چاہتا میری واپسی سے خلل پیدا ہو،نواز شریف خواب میں بھی مجھے دیکھتے ہیں،خطاب

پیر 30 اپریل 2018 23:44

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2018ء) آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین سید پرویز مشرف نے کہا ہے کہ انہوں نے پیسہ جائز طور پر محنت کر کے کمایا ہے،منی ٹریل تلاش کرنے والوں کو کچھ نہیں ملے گا،کسی پاکستانی کو امریکہ کے حوالے نہیں کیا،ملک میں مثبت تبدیلی آرہی ہے ،نہیں چاہتا کہ میری واپسی سے ان میں خلل پیدا ہو۔نواز شریف کے دماغ میں فتور ہے،وہ خواب میں بھی مجھے دیکھتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو پارٹی کی سنٹرل ورکنگ کمیٹی کے اجلاس اور بعد ازاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔آل پاکستان مسلم لیگ کی سنٹرل ورکنگ کمیٹی کا اجلاس پیر کو اسلام آباد میں مقامی ہوٹل میں منعقد ہوا۔اجلاس میں پارٹی کے چیف آرگنائزر سید فقیر حسین بخاری،سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد ،آرگنائزنگ سیکرٹری مہرین ملک آدم اورملک بھر سے پارٹی کی سنٹرل ورکنگ کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سید پرویز مشرف کی وطن واپسی،آنے والے انتخابات کے لئے امیدواران کی سلیکشن اور انتخابی مہم کے حوالے سے اہم فیصلے کئے گئے۔پارٹی کارکنان کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے اور معلومات کے باہمی تبادلے کے لئے اے پی ایم ایل کی آفیشل ایپلی کیشن بھی متعارف کروائی گئی۔اجلاس میں سید پرویز مشرف نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی اور ورکنگ کمیٹی کے اراکین اور میڈیا کے نمائندوںسے گفتگو کی۔

انہوں نے کہا کہ ان کے خلاف نیب میں تحقیقات ہورہی ہیںمگرصدارت سے مستعفی ہونے کے ایک سال بعد میں بیورن ملک آیا تب تک ملک سے باہر نہ تو میری کوئی جائیداد تھی اور نہ ہی بینک اکائونٹ تھا۔بیرون ملک آکر جوکمایا اپنی محنت سے کمایا۔میری منی ٹریل ڈھونڈنے والوں کو سوائے دوعدد’’صفر‘‘کے کچھ نہیں ملے گا۔انہوں نے کہا کہ ان دنوں مجھ پر پاکستانی شہری امریکہ کے حوالے کئے ہیں۔

اس میں کوئی حقیقت نہیںہے۔ہم نے کوئی پاکستانی امریکہ کے حوالے نہیں کیا۔جو غیر ملکی دہشت گرد پاکستان میں پناہ گزین تھے اور دہشت گردی کی وارداتوں میں ملوث تھے ان سے ہمیں کوئی غرض نہیں چاہے جو بھی لے جائے۔پاکستانیوں کے حوالے سے تحقیقات کے لئے ہم نے امریکہ کی اجازت سے پاکستانی افسر گوانتاناموبے بھیجا تھا جس نے رپورٹ پیش کی تھی کہ وہاں کوئی پاکستانی نہیں ہے۔

پٹھانوں کے حقوق کے لئے کام کیا اور امریکہ کو بتایا کہ انہیں حقوق نہ دئیے جانے سے ناکامی ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت عدالتیں بہت اچھا کام کررہی ہیں۔ملک میں مثبت تبدیلیاں آرہی ہیں اس لئے نہیں چاہتا کہ میری واپسی کی وجہ سے مثبت تبدیلی کے اس عمل میں خلل پیدا ہو۔انہوں نے کہا کہ سوچ سمجھ کرواپسی کا اعلان کروں گا ۔وطن واپس آکر ملک بھر میں جلسے کر کے پارٹی کی انتخابی مہم چلاناچاہتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو ریاست کے خلاف چلائی جانے والی مہم کاموثر جواب دینا چاہئیے۔یہ سب بھارت اور افغانستان مل کر کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس وقت حکومتی مشینری میں نواز شریف کے لوگ کام کررہے ہیں۔پاسپورٹ کی تجدید میرا آئینی حق ہے مگر تین ماہ تک مجھے پاسپورٹ نہیں دیا گیا۔میں حکومت پر قبضہ نہیں کرنا چاہتا تھا،نواز شریف نے ہمارے طیارے کو بھارت لے جانے کا کہہ کرمجبور کیا۔

وہ پہلے آرمی چیفس کے ساتھ بھی غلط برتائو کرچکے تھے۔ نواز شریف کے دل میں ہمیشہ فتور رہتا ہے،میں انہیں خوابوں میں بھی نظرآتا رہتا ہوں۔نواز شریف نے خود ہی اپنے پائوں پر کلہاڑا مارا اور سعودی شاہ کے پاس بھیک مانگنے کے لئے گئے۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے کے جلسے میں ایوب خان والا ولولہ تھا۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر محمد امجد،فقیر حسین بخاری اور مہرین ملک آدم پارٹی کے لئے بہت محنت کررہے ہیں۔تمام کارکنان باہمی اتفاق اور اتحاد سے پارٹی کے لئے کام کریں ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات