Live Updates

عمران خان کو 11 نکات پیش کرنے سے قبل صوبہ خیبرپختونخوا کے نظام میں تبدیلی لانی چاہئے تھی

رکن قومی اسمبلی میاں جاوید لطیف کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

منگل 1 مئی 2018 00:20

اسلام آباد ۔ 30 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما و رکن قومی اسمبلی میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو 11 نکات پیش کرنے سے قبل صوبہ خیبرپختونخوا کے نظام میں تبدیلی لانی چاہیئے تھی ۔ پیر کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی حکومت نے صوبے اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کچھ بھی نہیں کیا، انہوں نے الزام عائد کیا کہ یہ حکومت تو کرپشن میں بھی ملوث ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لاہور کے جلسے میں عمران خان نے معیاری تعلیم کی بات کی لیکن انہیں یہ بھی تو بتانا چاہیئے کہ ان کی خیبرپختونخوا کی حکومت نے اپنے صوبے میں کتنے سکول اور کالجز تعمیر کیے ہیں۔ رکن قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتیں اپنی طاقت کا مظاہرہ کرنے کے لیے ملک بھر میں جلسے کر رہی ہیں تاہم مینار پاکستان کے پی ٹی آئی کے جلسے میں عمران خان کی تقریر میں کچھ بھی نیا نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے بیانات اور عملی اقدامات میں کافی فرق ہے اور اپنے سیاسی مخالفین کے خلاف نازیبا زبان کا استعمال ان کی عادت ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات