وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام انوشہ رحمان کی زیر صدارت یونیورسل سروس فنڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس،یو ایس ایف کمپنی کے سالانہ بجٹ اور لڑکیوں کیلئے آئی سی ٹی پورٹل شروع کرنے کی منظوری

منگل 1 مئی 2018 01:00

اسلام آباد ۔ 30 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2018ء) وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام انوشہ رحمان نے لڑکیوں کیلئے آئی سی ٹی پورٹل کے آغاز کی منظوری دیدی اور یو ایس ایف کی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ کوڈ لینے والی لڑکیوں کو اس پورٹل میں مدنظر رکھا جائے تاکہ وہ کسی بھی انٹرنیشنل کلب میں شامل ہو کر خود کو بااختیار بنا سکیں۔

یونیورسل سروس فنڈ (یو ایس ایف) کمپنی کے 60 ویں بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس پیر کو ہوا۔ یو ایس ایف کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی چیئرپرسن اور انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کام کی وفاقی وزیر انوشہ رحمان نے اجلاس کی صدارت کی۔ وفاقی وزیر نے یو ایس ایف کمپنی کے بورڈ کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کے سلسلہ میں کمپنی کی مسلسل محنت اور کاوشوں کو سراہا۔

(جاری ہے)

یو ایس ایف کمپنی بورڈ نے یو ایس ایف کمپنی کے سالانہ بجٹ کی بھی منظوری دی جو کہ تقریباً 12.7 ارب ہے۔ بجٹ کی یہ منظوری وفاقی حکومت کے وژن کے عین مطابق دی گئی ہے۔ اجلاس کے دوران براڈ بینڈ اور ٹیلی کمیونیکیشن کی سروس رکھنے اور سروس نہ رکھنے والے علاقوں میں ثمرات پہنچانے کیلئے نیکسٹ جنریشن موبائل براڈ بینڈ سروسز پر زور دیا گیا۔ اجلاس میں بورڈ کے اراکین بشمول سیکرٹری انفارمیشن عامر اشرف خواجہ، ممبر ٹیلی کام مدنثر حسین، اظفر منظور، ڈیٹا لائسنس کے نامزد نمائندہ اور کنزیومرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین کوکب اقبال اور یو ایس ایف کمپنی کی انتظامیہ کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔