شمالی کوریا کے لئے لیبیا نیوکلیئر ماڈل پیشِ نظر ہے، امریکی قومی سلامتی مشیر

منگل 1 مئی 2018 10:50

واشنگٹن ۔ یکم مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2018ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قومی سلامتی کے نئے مشیر جان بولٹن نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کوجوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کے لئے لیبیا کی مثال اٴْن کے پیش نظر ہے۔جان بولٹن نے فاکس نیوز سنڈے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اس بات کا ثبوت چاہتا ہے، کہ شمالی کوریا نے اپنے تمام ایٹمی ہتھیار ترک کرنے کا ایک تزویراتی فیصلہ کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

اٴْن کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ ایک تاریخی سمجھوتے کے امکان پر نظر رکھے ہوئے ہیں، تاہم ہو سکتا ہے کہ کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہ بھی ہو۔انہوں نے لیبیا کا حوالہ دیا، جس نے 2003ء میں اپنے وسیع پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیار ترک کرنے کے منصوبے کا علان کیا اور بعد ازاں اس پر عملدرآمد کیا تھا۔انہوں نے شمالی کوریا کے لئے اس ضرورت پر زور دیا، کہ پہلے عالمی برادری کی جانب سے عائد پابندیوں کے دوران ہی جزیرہ نما کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کیا جائے۔مشیر کا کہنا تھا، کہ شمالی کوریا کے لئے یہ بات بہت اہم ہو سکتی ہے، کہ لیبیا کی مثال کو مدنظر رکھا جائے اور مکمل بین الاقوامی تصدیق کے ساتھ اپنے جوہری پروگرام سے متعلقہ ہر پہلو سے پردہ اٹھایا جائے۔