جاپان کے وزیر اعظم کی ابو ظہبی کے ولی عہد سے ملاقات

منگل 1 مئی 2018 10:50

ابوظہبی ۔ یکم مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2018ء) جاپانی وزیر اعظم شنزو ابے اور ابو ظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان نے جاپان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تعلقات مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔جاپانی ذرائع ابلاغ کے مطابق دونوں رہنمائوںکی ملاقات گزشتہ روز ابوظہبی کے صدارتی محل میں ہوئی، جو تقریباً ایک گھنٹے جاری رہی۔

شنزو ابے نے سمندر میں واقع تیل کے ایک کنویں کے جاپانی کمپنی کو دینے والے ٹھیکے میں 40 سال کی توسیع پر ابو ظہبی کا شکریہ ادا کیا۔انہوں اور شہزادہ شیخ محمد نے توانائی، جدید سائنس و ٹیکنالوجی، دفاع اورمعیشت جیسے کئی شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کیا۔ ملاقات کے بعد جاری کئے گئے مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک باہمی تزویری تعلقات کو تقویت دیں گے۔

(جاری ہے)

بیان میں خلائی ترقی کے شعبے میں تعاون کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ رواں سال متحدہ عرب امارات کا ایک مشاہداتی مصنوعی سیارہ، جاپانی راکٹ کے ذریعے خلا میں بھیجا جائے گا۔ مشترکہ بیان میں جاپان ساختہ مال بردار فوجی طیاروں اور دیگر دفاعی ساز و سامان کی برآمد وغیرہ جیسے دفاعی تعاون کے فروغ کا ذکر بھی کیا گیا ہے۔دونوں ممالک میں متحدہ عرب امارات میں جاپانی کمپنیوں کی سرمایہ کاری کے فروغ کا معاہدہ تشکیل دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔شنزوابے اور ابو ظہبی کے ولی عہد نے ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق کثیر فریقی معاہدے اور شام کی صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی۔