’’اوینجر:انفنٹی وار‘‘نے اسٹار وارز اور بلیک پینتھر کاریکارڈ توڑدیا

18 فلموں کے سپر ہیروز کی فلم نے ابتدائی دن میں دنیا بھر سے 63 کروڑ ڈالرکمائی کر کے ایک نیا ریکارڈ بنا ڈالا

منگل 1 مئی 2018 11:57

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2018ء) ہالی ووڈ کے معروف مارول اسٹوڈیوز کے سینما یونیورس ہاؤس کی 19 ویں سائنس فکشن فلم ’اوینجر: انفنٹی وار‘ نے ریلیز کے پہلے ہی 3 میں دنیا بھر سے 63 کروڑ ڈالرز کی کمائی کرکے کئی فلموں کے ریکارڈ توڑ دیئے۔فلم کو 27 اپریل کو امریکا سمیت دنیا بھر میں ریلیز کیا گیا تھا اور اس بات کا عندیہ پہلے ہی دیا جا چکا تھا کہ فلم نئے ریکارڈ بنانے میں کامیاب جائے گی۔

18 فلموں کے سپر ہیروز کی فلم نے ابتدائی دن میں دنیا بھر سے 63 کروڑ ڈالر (پاکستانی 63 ارب روپے سے زائد) کی کمائی کرکے نہ صرف ابتدائی ہفتے میں سب سے زیادہ کمانے والی فلم کا اعزاز حاصل کرلیا بلکہ اس نے ایک نیا ریکارڈ بھی بنا ڈالا۔باکس آفس پر نظر رکھنے والی ویب سائیٹ ’موجو‘ کے مطابق ’اوینجر: انفنٹی وار‘ نے صرف امریکا سے ہی 25 کروڑ ڈالر کی کمائی کی۔

(جاری ہے)

اس فلم نے امریکا سے 3 دن میں 25 کروڑ امریکی ڈالر کمانے کے بعد 2015 میں ریلیز ہونے والی اسٹار وارز کی 7 ویں فلم ’اسٹار وارز: دی فورس اویکنز‘ کا ریکارڈ بھی توڑ دیا، جس نے 3 دن میں 24 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کے قریب کمائی کی تھی۔طاقتور ترین ولن ’تھیونس‘ کی دہشت زدہ لڑائی پر مبنی اس فلم نے رواں برس ریلیز ہونے والی فلم ’بلیک پینتھر‘ کو بھی ابتدائی 3 دن کی کمائی میں پیچھے چھوڑ دیا۔

’بلیک پینتھر‘ نے ابتدائی 3 دن میں امریکا سے 20 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کی کمائی کی تھی۔’اوینجر: انفنٹی وار‘ نے نہ صرف امریکا بلکہ بھارت جیسے ملک میں بھی نئے ریکارڈ بنائے ہیں، جہاں اس نے رواں برس ریلیز ہونے والی متنازع فلم ’پدماوت‘ کو بھی کمائی میں پیچھے چھوڑ دیا۔ہندوستان ٹائمز کے مطابق ابتدائی 3 دن میں پدماوت نے صرف 83 کروڑ روپے کمائے تھے اور وہ رواں برس پہلے ہی تین دنوں میں سب سے زیادہ کمانے والی پہلی فلم بنی تھی۔تاہم 18 فلموں کے سپر ہیروز کی فلم نے ابتدائی 3 دن میں بھارت بھر سے 120 کروڑ روپے سے زائد کمائی کرکے کئی ہولی وڈ و بولی وڈ فلموں کے ریکارڈ توڑ دیے۔