پورن سٹار نے صدر ٹرمپ پر ہتکِ عزت کا مقدمہ دائر کر دیا

ٹرمپ نے لاکھوں قومی اور بین الاقوامی آڈیئنس استعمال کرتے ہوئے کلفرڈ پر حملہ اور انھیں بدنام کیا،گفتگو

منگل 1 مئی 2018 12:01

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2018ء) پورن سٹار سٹورمی ڈینیئلز کے وکیل نے کہا ہے کہ انھوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف توہین آمیز ٹویٹ کی وجہ سے ہتکِ عزت کا مقدمہ دائر کر دیا ہے۔برطانوی ٹی وی کے مطابق ایک انٹرویومیں سٹورمی ڈینیئلز، جن کا اصل نام سٹیفنی کلفرڈ ہے، کا کہنا تھا کہ انھیں امریکی شہر لاس ویگس کے ایک کار پارک میں ایک شخص نے دھمکایا تھا کہ وہ صدر ٹرمپ سے تعلقات کا الزام واپس لے لیں۔

اس کے جواب میں صدر ٹرمپ نے ٹویٹ کی کہ یہ مکمل فراڈ ہے۔تاہم ڈینیئلز کے وکیل نے نیویارک کی وفاقی عدالت میں جو مقدمہ دائر کیا ہے اس میں کہا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ نے لاکھوں کی تعداد میں اپنی قومی اور بین الاقوامی آڈیئنس استعمال کرتے ہوئے کلفرڈ پر حملہ کیا اور انھیں بدنام کیا۔

(جاری ہے)

مقدمے کی درخواست میں لکھا کہ صدر کی ٹویٹ توہین آمیز ہے اور اس میں الزام لگایا گیا ہے کہ مس ڈینیئلز نے ایک سنگین جرم کا ارتکاب کرتے ہوئے غلط بیانی سے کام لیا ہے کہ کسی نے انھیں دھمکایا تھا۔

ڈینیئلز نے دھمکی دینے والے آدمی کا خاکہ بنوایا تھا، جسے صدر ٹرمپ نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ اس شخص کا کوئی وجود نہیں ہے۔ڈینیئلز نے کہا کہ ان تعلقات کے بعد ایک شخص ان کے پاس آیا اور کہا کہ یہ بات بھول جاؤ، ڈونلڈ ٹرمپ کا پیچھا چھوڑ دو۔ڈینیئلز نے کہاکہ 2016 کے صدارتی انتخابات سے قبل ٹرمپ کے وکیل مائیکل کوہن نے انھیں ٹرمپ سے تعلقات کے معاملے پر منھ بند رکھنے کے معاہدے کے طور پر ایک لاکھ 30 ہزار ڈالر دیے تھے۔