بھارت میں نابالغ لڑکی کو برہنہ کرنے کے الزام میں چھ نوجوان گرفتار

تفتیش میں پتہ چلا کہ متاثر لڑکی نابالغ تھی،وائرل ہونیوالی ویڈیو کی مددسے فرارملزمان کی تلاش جاری

منگل 1 مئی 2018 12:01

پٹنہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2018ء) بھارت کی شمال مشرقی ریاست بہار میں پولیس نے ایک نابالغ لڑکی کو برہنہ کرنے اور جنسی طور پر ہراساں کیے جانے والی ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد چھ افراد کو گرفتار کیا ہے۔وائرل ہونے والے ویڈیو میں آٹھ لڑکوں کو ایک لڑکی کے کپڑے اتارتے اور اسے جنسی زیادتیوں کا نشانہ بناتے دیکھا جا سکتا ہے۔

بھارتی ٹی وی کے مطابق بہار پولیس نے ایک پریس کانفرنس میں چار لڑکوں کی گرفتاری کی تصدیق کی جبکہ انڈین میڈیا نے بتایا کہ بعد میں دو لڑکے مزید گرفتار کیے گئے۔پٹنہ زون کے آئی جی نیر حسنین خان نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ یہ ویڈیو 28 اپریل کی شب پولیس کو ملی تھی جس کے بعد انھوں نے کارروائی کرتے ہوئے چار افراد کو گرفتار کیا ہے جن میں سے ایک نابالغ ہے اور باقی لوگوں کی تلاش جاری ہے۔

(جاری ہے)

حسنین نیر نے کہا کہ تفتیش میں پتہ چلا کہ متاثر لڑکی نابالغ تھی۔انھوں نے بتایا کہ اس معاملے میں ملزمان کے خلاف 'پوسکو' قانون کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پوسکو قانون نابالغوں کو جنسی تشدد سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے حال ہی میں بنایا گیا ہے۔پولیس نے کہا کہ ویڈیو میں نظر آنے والی موٹر سائیکل سے ملزمان کو تلاش کرنے میں مدد ملی ہے۔نیر حسنین نے بتایا کہ پولیس نے اس معاملے میں وہ موٹر سائیکل برآمد کر لی ہے جو اس ویڈیو میں جائے وقوعہ پر نظر آتی ہے۔

نیر حسنین نے اس سلسلے میں بتایا کہ حراست میں لیے جانے والے ملزمان سے پوچھ گچھ کے بعد ہی یہ واضح ہو پائے گا کہ یہ موٹر سائیکل ملزمان کی ہے یا کسی اور کی ہے یا پھر اس کا متاثرہ لڑکی سے کوئی تعلق ہے۔اس ویڈیو میں چند افراد اس واقعے کو دیکھتے نظر آ رہے ہیں لیکن انھوں نے اسے روکنے کی کوشش نہیں کی ہے۔آئی جی نیر کا کہنا تھا کہ اس ویڈیو کی تشہیر بھی قانوناً جرم ہے۔ انھوں نے لوگوں سے بھی اپیل کی کہ اگر کسی کے پاس اس کے متعلق معلومات ہیں تو وہ پولیس کو مطلع کریں۔

متعلقہ عنوان :