مقبوضہ کشمیر میں تین نوجوانوں کی شہادت پرمنگل کو مکمل ہڑتال کی گئی

ہڑتال کی کال سید علی گیلانی ،میرواعظ عمرفاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ مزاحمتی قیادت نے دی تھی بھارتی فوجیوں نے سمیر احمد بٹ ،عاقب مشتاق اور ایک کرکٹ سٹار شاہد اشرف ڈار کو ضلع پلوامہ کے علاقے دربگام میں شہید کیا تھا

منگل 1 مئی 2018 13:00

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی اور احتجاجی مظاہرین پر بھارتی فوجیوں کی فائرنگ کے دوران تین نوجوانوں کی شہادت پر منگل کو مکمل ہڑتال کی گئی۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق ہڑتال کی کال سید علی گیلانی ،میرواعظ عمرفاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ مزاحمتی قیادت نے دی تھی۔

بھارتی فوجیوں نے سمیر احمد بٹ ،عاقب مشتاق اور ایک کرکٹ سٹار شاہد اشرف ڈار کو ضلع پلوامہ کے علاقے دربگام میں شہید کیا تھا۔ بھارتی فوجیوں کی فائرنگ سے درجنوں مظاہرین زخمی بھی ہوئے تھے۔ سرینگر سمیت وادی کشمیر کے تمام اضلاع میں دکانین اور کاروباری مراکز بندجبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت معطل ہے۔کشمیر یونیورسٹی نے منگل کو ہونے والے تمام امتحانات ملتوی کردیے ہیں۔

(جاری ہے)

شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ اور جموں خطے کے قصبے بانہال کے درمیان ٹرین سروس جبکہ پورے کشمیر میں انٹرنیٹ سروسز معطل کردی گئی ہیں۔ سرینگر اور جنوبی کشمیر میں سخت پابندیاں عائد کی گئی ہیںجبکہ بھارت مخالف احتجاجی مظاہروں کو روکنے کے لیے بڑی تعداد میں بھارتی فوج اور پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ سرینگر کے علاقوں رعناواری، خانیار، نوہٹہ ، مہاراج گنج ، صفا کدل، مائسمہ اور کرالہ کھڈ میں خاص طور پر سخت پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔