مقبوضہ کشمیر‘ بھارتی فوجیوں نے اپریل کے مہینے میں 33کشمیریوں کو شہید کیا

شہید ہونے والے افراد میںایک کو جعلی مقابلے میں شہید کیاگیاجبکہ ان شہادتوں سے 4خواتین بیوہ اور 6 بچے یتیم ہوئے

منگل 1 مئی 2018 13:00

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی جاری کارروائیوں میں اپریل کے مہینے میں دو کمسن بچوں سمیت 33کشمیریوں کو شہید کیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے ریسرچ سیکشن کے اعدادوشمار کے مطابق شہید ہونے والے افراد میںایک کو جعلی مقابلے میں شہید کیاگیاجبکہ ان شہادتوں سے 4خواتین بیوہ اور 6 بچے یتیم ہوئے۔

(جاری ہے)

بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے اس عرصے کے دوران پرامن احتجاجی مظاہرین پر گولیاں، پیلٹ ، پاوا شیل اورآنسو گیس سمیت طاقت کا وحشیانہ استعمال کرکے 762 شہریوں کو زخمی کردیا جبکہ محمد یاسین ملک، آسیہ اندرابی، فہمیدہ صوفی، ناہیدہ نسرین، سراج الدین میر، عبدالرشید مغلوسمیت248 حریت رہنمائوں ، کارکنوں ، طلباء اور نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا۔ بھارتی فورسز اہلکاروں نے 13خواتین کے ساتھ بدتمیزی کی جبکہ 24مکانوں کو تباہ کیا یا ان کو شدید نقصان پہنچایا۔