مراکش، فٹبال ورلڈ کپ اور مغرور ٹرمپ کا ٹوئٹ

منگل 1 مئی 2018 13:09

رباط ۔ یکم مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2018ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مراکش کی جانب سے فیفا ورلڈ کپ 2026 کی میزبانی کے لیے امیدواری پر اپنی ایک ٹویٹ میں بالواسطہ تنقید کی ہے۔ مراکشی باشندے اس ٹویٹ کو تضحیک آمیز قرار دے کر شدید غصے کا اظہار کر رہے ہیں۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ پیغامات ماضی میں بھی کئی افراد اور ممالک کے لیے غصے کا سبب بنتے رہے ہیں۔

ایسی ہی ایک ٹویٹ نے اس مرتبہ مراکش کے شہریوں میں بھی غصے کی لہر پیدا کر دی ہے اور وہ صدر ٹرمپ کے اس پیغام کو تضحیک آمیز قرار دے رہے ہیں۔ اس مرتبہ امریکی صدر کی ٹویٹ کھیلوں کی دنیا سے متعلق تھی اور اس میں انہوں نے مراکش کو اس بنیاد پر تنقید کا نشانہ بنایا ہے کہ امریکا کی طرح وہ بھی 2026 کے فیفا فٹبال ورلڈ کپ کی میزبانی کا امیدوار ہے، اور یہ بات ٹرمپ کو بہت ناگوار گزری ہے ۔

(جاری ہے)

امریکی صدر کی اس بالواسطہ لیکن بہت واضح دھمکی پر مراکش کے عوام اور رہنما شدید نالاں ہیں۔ مراکش کی سوشلسٹ پارٹی کی جنرل سیکرٹری نبیلہ منیب کا کہنا تھا، ’’امریکی صدر کا رویہ ایسا ہے جیسا ہم پہلے ہی سے سامراجی طاقتوں کی وجہ سے جانتے ہیں۔ ہم اس کا اظہار امریکا اور جنوبی نصف کرہ ارض کے ممالک کے مابین تعلقات میں دیکھتے ہیں۔‘‘۔