قومی ترقی میں مزور اور مالکان کی مشترکہ کاوشیں باآور ثابت ہو سکتی ہیں ،ْ شاہد خاقان عباسی

منگل 1 مئی 2018 14:03

قومی ترقی میں مزور اور مالکان کی مشترکہ کاوشیں باآور ثابت ہو سکتی ہیں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی’’یوم مئی‘‘ کے حوالہ سے کارکنوں کے حقوق کے تحفظ کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی ترقی میں مزور اور مالکان کی مشترکہ کاوشیں باآور ثابت ہو سکتی ہیں۔ یوم مئی کے حوالے سے وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ ملک کی ترقی میں کارکنوں کی محنت کا عنصر شامل ہے اور ملک کی تیز اور پائیدار معاشی ترقی میں افرادی قوت کا کردار مثالی ہے۔

انہوں نے ملک کی افرادی قوت کو یقین دلایا کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کے تعاون اور اشتراک سے کارکنوں کے اہل خانہ کی فلاح وبہبود اور ترقی کیلئے تمام تر ممکنہ اقدامات کیلئے پرعزم ہے تاکہ ان کے معیار زندگی کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں پورا یقین ہے صرف صحت مند، تعلیم یافتہ ، پریشانیوں سے آزاد اور اچھا معاوضہ حاصل کرنے والی افرادی قوت پاکستان کی سماجی اور معاشی ترقی کی استعداد سے استفادہ کو یقینی بن سکتی ہے ،ْیہی وجہ ہے کہ ہم پورے اخلاص سے اس مقصد کیلئے سرگرم ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہاکہ قومی ترقی میں مزور اور مالکان کی مشترکہ کاوشیں باآور ثابت ہو سکتی ہیں۔ انہوں نے کارکنوں اور انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ پیداواری صلاحیتوں میں اضافہ اور عالمی معیار کی مصنوعات کی تیاری کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کو یقینی بنائیں جس سے عالمی مسائل سے عہدہ برآ ہونے کے ساتھ ساتھ عالمی منڈیوں میں بہتر مقابلہ کیا جا سکے گا۔

وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان شکاگو کے مزدوروں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے عالمی برادری کی کاوشوں میں شریک ہے جنہوں نے کام کے مناسب اوقات اور بنیادی حقوق کے حصول سمیت بہتر معاوضہ کیلئے اپنی جانوں کی قربانی دی تھی۔ انہوں نے کہاکہ یکم مئی کا دن ہمیں بین الاقوامی سطح پر قوموں کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کیلئے کارکنوں ، ورکرز کی محنتوں کے اعتراف کا موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے ملک کی افرادی قوت کو یقین دلایا کہ حکومت ان کے حقوق کے تحفظ کی اجتماعی ترقی اور بہتری کیلئے اقدامات کیلئے پرعزم ہے تاکہ عالمی برادری میں پاکستان کے عزت اوروقار میں مزید اضافہ ہوسکے۔